بالی وڈ ادکار امیتابھ بچن اور ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے تصدیق کی کہ ہسپتال پہنچائے جانے کے بعد متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا رہی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ اہلخانہ اور ان کے سٹاف کو بھی کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کے عمل سے گزارا جا چکا ہے اور اب ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔اپنی ٹویٹ میں امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ جو بھی لوگ گزشتہ 10 روز کے دوران ان کے قریب رہے ہیں ان سے گزارش ہے کہ وہ بھی اپنے ٹیسٹ کروا لیں۔
امیتابھ بچن کے پیغام کے کچھ دیر بعد ان کے صاحبزادے ابھیشک بچن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ہم دونوں میں معمولی علامات ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں۔ممبئی کے نانا وتی ہستال میں داخل 77 سالہ بالی وڈ لیجنڈ کے کورنا وائرس ٹیسٹ کے مثبت آنے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یونین ہیلتھ منسٹر ڈاکٹر ہرش وردھان نے ے امیتابھ بچن کی ٹویٹ پر اپنے ردعمل میں لکھا ’میں پوری قوم کے ساتھ مل کر آپ کی جلد صحتیابی کی تمنا کرتا ہوں۔ آپ اس ملک میں لاکھوں کے لیے سپرسٹار ہیں۔ ہم آپ کا اچھا خیال رکھیں گے‘۔
مارچ کے مہینے میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تو امیتابھ بچن نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے ’گھر پر قرنطینہ‘ کی مہر لگوا لی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اپیل کی تھی کہ محفوظ اور محتاط رہیں اور اگر مثبت آ جائیں تو الگ تھلگ رہیں۔