"آپریشن ابھیاس" موک ڈرل تھانے میں کامیاب؛ ہنگامی تیاریوں کی مؤثر جانچ
تھانے، 11 مئی (آفتاب شیخ)
مرکزی محکمہ داخلہ کے رہنما خطوط کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کے تحت آج "آپریشن ابھیاس" کے نام سے ایک موک ڈرل کا انعقاد تھانے کے لودھا امارا، کولشیت گراؤنڈ میں کیا گیا۔ شام 4:30 بجے سائرن بجنے کے ساتھ اس مشق کا آغاز ہوا، جس کے بعد تمام کارروائیاں باقاعدہ منصوبہ بندی اور مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ انجام دی گئیں۔
اس مشق کی نگرانی ضلع کلکٹر اور سول ڈیفنس فورس کے کنٹرولر اشوک شنگارے، ایڈیشنل کلکٹر ہریش چندر پاٹل، ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر ڈاکٹر سندیپ مانے، صوبائی افسر ارمیلا پاٹل، ڈپٹی کنٹرولر وجے جادھو اور تحصیلدار امیش پاٹل سمیت دیگر اہم افسران نے کی۔
ڈرل کے دوران ایک فرضی فضائی یا بم حملے کی صورتِ حال پیش کی گئی۔ شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی، جس پر انہوں نے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ عمل کیا۔ اس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جہاں سے 40 زخمیوں اور متاثرہ افراد کو نکال کر فوری طبی امداد دی گئی، جبکہ عمارت میں پھنسے 5 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔
ڈرل کے اختتام پر افسران نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ یہ مشق صرف ہنگامی حالات میں تیاریوں کی جانچ کے لیے کی گئی تھی اور کسی حقیقی خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ شہریوں کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مندار جابلے، تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر دنیش تایدے، ڈیزاسٹر منیجمنٹ آفیسر یاسین تڈوی، ڈاکٹر انیتا جوانجل، سینئر پولیس افسران، فائر بریگیڈ، ہوم گارڈ، ریونیو اور ہیلتھ محکمے کے اہلکار، سیکورٹی گارڈز، لوکل کمیونٹی ممبران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔
یہ موک ڈرل ضلعی سطح پر ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ، شہریوں اور دیگر ایجنسیوں کی ہم آہنگی اور تیاریوں کا مظہر ثابت ہوئی۔