نئی دہلی:سڑکوں پر آوارہ مویشیوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر سپریم کورٹ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کو ایسے حادثات میں معاوضے کی ادائیگی کے لیے میکنزم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ جسٹس سنجے کرول اور این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے کئی اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’’ان مویشیوں کے مالکوں کو ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہئے۔ ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنائیں کہ مویشی ہر روز دن ختم ہونے پر اپنے رہنے والے یا بتائے گئے مقام پر واپس لوٹ جائے۔‘‘بنچ نے کہا کہ ’’سبھی ریاستیں جنہوں نے مویشیوں سے متعلق قانون بنایا ہے، انہیں اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا چاہئے۔
پیدل چلنے والوں یا ڈرائیوروں دونوں زمروں میں مویشیوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں معاوضے کی ادائیگی کا طریقہ کار تیار کرنے کے لیے ضروری ترامیم کی جا سکتی ہیں۔ یا پھر مجاز اتھارٹی کی جانب سے مناسب سمجھے جانے والے قواعد شامل کیے جا سکتے ہیں۔‘‘ سپریم کورٹ نے سبھی مویشیوں کی ٹیگنگ لازمی قرار دیے جانے کا حکم دیا۔