بی جے پی، شیوسینا، ونچت بہوجن اگھاڑی اور سمبھاجی بریگیڈ کے عہدیداران کی کانگریس میں شمولیت
ممبئی: کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی موجودگی میں آج دادر کے تلک بھون میں مختلف پارٹیوں اور تنظیموں سے وابستہ سینکڑوں عہدیداران اور کارکنان نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بی جے پی، شیوسینا، ونچت بہوجن اگھاڑی اور سمبھاجی بریگیڈ سمیت متعدد تنظیموں کے لیڈران اور کارکنان نے باضابطہ طور پر کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
ہرش وردھن سپکال نے نئے شامل ہونے والے عہدیداران اور کارکنان کا کانگریس خاندان میں خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور پارٹی کی تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری سچن ساونت، سابق رکن اسمبلی اننت گاڈگیل، راجیش شرما، ایس سی شعبہ کے ریاستی صدر سدھارتھ ہتتی امبیرے، ریاستی جنرل سکریٹری دھننجے شندے اور پروفیسر پرکاش سوناونے سمیت متعدد لیڈران موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ کانگریس کے ہمہ گیر نظریے اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی کی قیادت پر عوام کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں فرقہ وارانہ اور نفرت پر مبنی سیاست کے خلاف مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت صرف کانگریس پارٹی میں موجود ہے، اسی لیے مختلف نظریات اور تنظیموں سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں کانگریس کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا نظریہ دراصل ہندوستان کا نظریہ ہے جو دستور، سماجی انصاف اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہے۔ یہ نظریہ بہوجن سماج، ملک کے آئین، سنتوں اور عظیم شخصیات کے افکار سے جڑا ہوا ہے اور عالمی امن و اخوت کا پیغام دیتا ہے۔ اس کے برعکس کچھ سیاسی قوتیں سماج کو تقسیم کرنے اور “تقسیم کرو اور حکومت کرو” کی سیاست کو فروغ دینے میں مصروف ہیں۔ ہرش وردھن سپکال نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ایک ہاتھ میں کانگریس کے نظریات اور دوسرے ہاتھ میں عملی جدوجہد لے کر میدان میں اتریں اور عام لوگوں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کو مضبوط کریں۔
اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری سچن ساونت نے کہا کہ بی جے پی کی سیاست میں دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت الگ ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں فرقہ وارانہ سوچ کو بڑھاوا دے کر سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق معاشی نابرابری بڑھتی جا رہی ہے اور غریبوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت صرف چند مخصوص لوگوں کے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے سچن ساونت نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور عوام کے مسائل سے الگ نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں کانگریس چھوڑ کر گئے تھے وہ اقتدار کے لیے گئے تھے، لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد کی جائے۔