افواہوں کی آگ میں سلگتا گیس کا بحران، اتر پردیش کے بستی ضلع میں سلنڈر لینے کے لیے لوگوں کی دوڑ — ویڈیو وائرل

اتر پردیش کے ضلع بستی میں گیس سلنڈر کی قلت سے متعلق پھیلی ایک افواہ نے لوگوں میں بے چینی پیدا کر دی۔ کہا جاتا ہے کہ افواہوں کے بھی پر ہوتے ہیں، اور جب یہ افواہ عام آدمی کی جیب سے جڑی ہو تو اس کی رفتار اور بھی تیز ہو جاتی ہے۔ منگل کی صبح بستی ضلع کے بنکٹی ترقیاتی بلاک میں ایسا ہی منظر دیکھنے کو ملا۔

مہادیوا چوراہے پر واقع مہاگوری گیس ایجنسی کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ منظر کچھ ایسا تھا جیسے کوئی دوڑ کا مقابلہ ہو، لیکن یہاں لوگ میڈل جیتنے کے لیے نہیں بلکہ ایک گیس سلنڈر حاصل کرنے کے لیے دوڑ رہے تھے۔

ملک بھر میں گیس سلنڈر کی قلت اور قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی افواہوں کے باعث بستی کے کئی علاقوں میں پیر کی رات سے ہی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ہونے والا ہے۔ اس ایک افواہ نے گھریلو خواتین اور عام شہریوں کی نیند اڑا دی۔

منگل کی صبح سورج نکلنے سے پہلے ہی، یعنی تقریباً صبح چار بجے سے صارفین اپنے خالی سلنڈر لے کر گیس ایجنسی کے دروازے پر جمع ہونا شروع ہو گئے۔ جیسے ہی صبح سات بجے ایجنسی کے ملازمین نے شٹر کھولا تو نظم و ضبط کی تمام حدیں ٹوٹ گئیں۔

لوگ ایک دوسرے کو دھکیلتے ہوئے اندر کی طرف دوڑ پڑے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ بھاری گیس سلنڈر سر اور کندھوں پر اٹھائے تیزی سے بھاگ رہے ہیں۔ ایجنسی کے احاطے میں افرا تفری کا ماحول نظر آ رہا ہے۔ بزرگوں سے لے کر نوجوانوں تک ہر شخص بس یہی کوشش کر رہا تھا کہ کسی طرح اس کا نمبر پہلے لگ جائے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading