ممبئی: باندرہ مشرق میں عیدمیلادالنبی کی مناسبت سے عام آدمی پارٹی و کانگریس کی جانب سے لگائے گئے مبارکباد کے بینرز کے پھاڑے جانے کا واقعہ اب سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ کیونکہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے ویڈیٹی وار اور کانگریس کے ترجمان سچن ساونت نے جہاں اس کے مرتکبین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تو وہیں عام آدمی پارٹی نے اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔
خبر کے مطابق کانگریس پارٹی اور عام آدمی پارٹی نے باندرہ مشرق میں عید میلاد النبی کے موقع پر مدینہ منورہ کی تصویر والا بینر لگایا تھا، جسے کچھ لوگوں نے پھاڑ دیا۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ یہ بینرس باندرہ مشرق کے ایم ایل اے ذیشان بابا صدیقی کے پرسنل اسسٹنٹ اعظم رضوی و اس کے ساتھیوں نے پھاڑا ہے۔ اس واقعے پر اسمبلی میں کانگریس کے حزبِ مخالف لیڈر وجے ویڈیٹی وار نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وجے ویڈیٹی وار نے کہا کہ عید میلادالنبی کے موقع پر حسین ٹیکری میں کانگریس پارٹی اور عام آدمی پارٹی کے بینر لگائے گئے تھے۔ 18 تاریخ کی رات تقریباً ساڑھے تین بجے مقامی ایم ایل اے ذیشان بابا صدیقی کے پرسنل اسسٹنٹ ہونے کا دعویٰ کرنے والے اعظم رضوی نے مدینہ منورہ کی تصویر والا بینر پھاڑ دیا جس سے مسلمانوں کے جذبات وابستہ ہیں۔ اس واقعے سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ جب یہ بینر پھاڑا جا رہا تھا تو کانگریس پارٹی کے کارکن نور محمد ادریسی نے اعظم رضوی نے اعظم رضوی و ان کے ساتھیوں کو روکنے کی کوشش کی لیکن اعظم رضوی نے کہا کہ یہاں کسی اور کا بینر نہیں بلکہ صرف ہمارے ایم ایل اے کا بینر لگے گا۔ ودیٹی وار نے اعظم رضوی و اس کے ساتھیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس واقعے پر کانگریس پارٹی کے ترجمان سچن ساونت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باندرہ مشرقی اسمبلی حلقہ میں غنڈہ گردی بڑھ رہی ہے اور پیسے کا سیلاب بہہ رہا ہے۔ بینرس پھاڑنے کا واقعہ نہایت سنگین سے جس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ساونت نے پولیس کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے وگرنہ کانگریس پارٹی و عام آدمی پارٹی کی جانب سے اس واقعے کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔
جبکہ عام آدمی پارٹی کے نائب صدر محمود دیشمکھ نے نرمل نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس افسر کو مکتوب لکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں بلکہ معاشرتی امن و امان کے لیے بھی خطرہ ہیں۔عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے کارکنوں نے مل کر بینرز لگائے تھے، اور کارکنوں نے کوشش کی کہ بینرز کو محفوظ رکھیں، لیکن اعظم رضوی اور اس کے ساتھیوں نے زبردستی بینرز کو پھاڑ دیا۔ کارکنوں کو دھمکی دی گئی کہ یہاں صرف ایم ایل اے ذیشان صدیقی کے بینرز لگائے جائیں گے۔ دیشمکھ نے درخواست کی ہے کہ پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور فوری کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسا واقعہ نہ ہو۔