مہایوتی میں ہم آہنگی کے بعد ہی حتمی فیصلہ لیا جائے گا: سنِیل تٹکرے

بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے تحت این سی پی کی اضلاع وار میٹنگوں کا سلسلہ جاری

ممبئی: ریاست میں طویل وقفے کے بعد منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر این سی پی نے اضلاع وار جائزہ میٹنگوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ یہ میٹنگیں پیر سے ورلی ڈوم میں شروع ہو کر جمعے تک جاری رہیں گی اور ان میں ضلعوں کی سیاسی صورتِ حال، انتخابی حکمتِ عملی اور مہایوتی اتحاد کے اندر تال میل پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس تعلق سے این سی پی کے ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ سنِیل تٹکرے نے کہا کہ پیر کو مرہٹواڑہ اور کوکن کے سندھودرگ اضلاع کی میٹنگیں ہوئیں، جبکہ منگل کو دھولیہ، جلگاؤں، نندوربار، ناسک، کولہاپور اور احمد نگر اضلاع کا جائزہ لیا گیا۔ ان میٹنگوں میں نائب وزیرِ اعلیٰ و پارٹی کے قومی صدر اجیت پوار، صوبائی صدر سنِیل تٹکرے، رکنِ اسمبلی شِواجی راؤ گرجے کے ساتھ ساتھ ارکانِ اسمبلی، سابق ممبران پارلیمنٹ، صوبائی چیف جنرل سیکریٹری، چیف ترجمان آنند پرانجپے اور مرکزی و ریاستی لیڈران شریک ہیں۔

میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سنیل تٹکرے بتایا کہ شمالی مہاراشٹر کے اضلاع میں مقامی سیاسی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مہایوتی اتحاد کے اندر باہمی ہم آہنگی قائم کرنے اور آئندہ کی حکمتِ عملی وضع کرنے پر بات ہوئی۔ چونکہ ریاستی الیکشن کمیشن نے بلدیہ اور نگر پنچایت کے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے، اس لیے رابطہ وزراء اور نگراں کل سے اپنے اپنے اضلاع میں جا کر پارٹي میٹنگیں کریں گے اور مقامی صورتحال کے مطابق حکمتِ عملی مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی کے تینوں اتحادی پاریٹوں کی رابطہ کمیٹی کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں انتخابی اتحاد، نشستوں کی تقسیم اور ضلعی سطح پر طے شدہ لائحۂ عمل پر حتمی بات چیت ہوئی۔ بعض اضلاع میں کارکنان نے فنڈنگ کے معاملات پر چند سوالات اٹھائے تھے، مگر انہوں نے کہا کہ ان میں کوئی سنگین شکایت سامنے نہیں آئی اور ان کے خدشات حل کر دیے گئے ہیں۔

سنِیل تٹکرے نے واضح کیا کہ تمام اضلاع کے سیاسی حالات ایک جیسے نہیں ہوتے۔ کئی مقامات پر پارٹی خود اپنی طاقت کے مطابق آزاد انتخاب لڑنے کی خواہش رکھتی ہے۔ مگر ان تمام معاملوں میں مہایوتی کے اندر غور و فکر کے بعد ہی حتمی فیصلے ہوں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جہاں ہماری پارٹی مضبوط ہے وہاں ہمیں باعزت نشستیں ملنی چاہئیں اور جہاں اتحادی مضبوط ہیں وہاں اُنہیں مناسب مقام دینا ہوگا۔ اپوزیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ میں مبینہ خامیوں کے متعلق سوال پر تٹکرے نے کہا کہ ہر پولنگ بوتھ پر امیدواروں کے نمائندے موجود رہتے ہیں اور ووٹنگ کے موقع پر چوکس رہ کر کسی بھی مشتبہ صورتحال کی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس معاملے پر بار بار پراپیگنڈا کرنے کے بجائے تمام سیاسی پارٹیاں اپنے نمائندوں کے ذریعے نگاہ رکھیں تاکہ انتخابی عمل شفاف اور پرسکون طریقے سے مکمل ہو۔

تٹکرے نے زور دے کر کہا کہ طویل وقفے کے بعد ہونے والے یہ بلدیاتی انتخابات جمہوری جذبے سے لڑے جائیں اور اپوزیشن بھی عوامی فضا میں حصہ لے کر عوامی اعتماد بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی میں باہمی مشاورت کے بعد ہی کسی بھی سطح پر حتمی پالیسی اختیار کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیرِ خوراک و ادویات نرہری زروال اور پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے بھی موجود تھے۔

NCP Urdu News1. 4 Nov. 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading