کینسر کی تشخیص موبائل وین نے تھانے ضلع میں اسکریننگ اور بیدار ی مہم کا آغاز کیا

کینسر کی تشخیص موبائل وین نے تھانے ضلع میں اسکریننگ اور بیداری مہم کا آغاز کیا

تھانے ( آفتاب شیخ)
تھانے ضلع کے شہریوں کو معیاری، قابلِ رسائی اور مؤثر صحت خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے کینسر کی تشخیص موبائل وین مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ مہم ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پنچال اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر منوج راناڈے کی رہنمائی میں جاری ہے، جس کے تحت یہ وین ضلع کے مختلف تعلقوں میں جا کر شہریوں کو اسکریننگ کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد کینسر کی بروقت تشخیص، مریضوں کی جان بچانا اور عوامی سطح پر اس مرض کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔

ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر کیلاش پوار اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گنگادھر پارگے نے بتایا کہ یہ موبائل وین دیہی اور دور دراز علاقوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ اگر کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے تو علاج کے امکانات کافی بڑھ جاتے ہیں۔

یہ موبائل وین کینسر کی تین بڑی اقسام کی جانچ کے لیے جدید طبی آلات سے لیس ہے، جن میں منہ کا کینسر، چھاتی کا کینسر اور سروائیکل کینسر شامل ہیں۔ اس مہم کے ذریعے ان شہریوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جو مختلف وجوہات کے سبب اسپتال نہیں پہنچ پاتے۔

کینسر تشخیص موبائل وین کا شیڈول (ضلع تھانے):

نمبر تعلقہ کا نام وزٹ کی تاریخ
1 بھیونڈی 3 نومبر تا 8 نومبر 2025
2 کلیان 10 نومبر تا 13 نومبر 2025
3 عنبرناتھ 14 نومبر تا 20 نومبر 2025
4 مرباد 21 نومبر تا 24 نومبر 2025
5 شاہ پور 25 نومبر تا 29 نومبر 2025

محکمہ صحت، ضلع پریشد تھانے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور مزید معلومات یا اسکریننگ کے لیے قریبی سرکاری اسپتال یا بنیادی صحت مرکز سے رابطہ کریں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading