گوکُل دودھ سنگھ کے سابق صدر رنجیت سنگھ پاٹل اور شندے گروپ کے سابق ضلع صدر راجے خان جمادار این سی پی میں شامل
کولہاپور کے بااثر لیڈروں کو اجیت دادا پوار کی قیادت میں لانے کا کریڈٹ حسن مشرف کو جاتا ہے: سنیل تٹکرے
میں نے کولہاپور میں این سی پی کو دوبارہ عروج پر پہنچانے کا عہد کیا ہے: حسن مشرف
ممبئی: این سی پی کے ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ کولہاپور ضلع کے سیاسی لحاظ سے باشعور اور بااثر رہنماؤں کو اجیت دادا پوار کی قیادت میں ایک پلیٹ فارم پر لانے میں حسن مشرف نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنجیت سنگھ پاٹل اور راجے خان جمادار کے پارٹی میں شامل ہونے سے کولہاپور ضلع میں این سی پی کی طاقت مزید مستحکم ہوگی اور تنظیمی سطح پر نئی جان پیدا ہوگی۔
سنیل تٹکرے نے حسن مشرف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کا جو وعدہ کیا ہے، وہ یقیناً پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کولہاپور ایک ایسا ضلع ہے جو ترقی پسند سوچ، کو آپریٹیو موومنٹ اور کسانوں کی محنت کے لیے جانا جاتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ضلع بہت جلد مکمل طور پر ’نیشنلسٹ‘ بن جائے گا اور اجیت دادا پوار کی قیادت میں پارٹی کو نئی توانائی ملے گی۔
ریاستی وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن اور نیشنلسٹ کانگریس کے سینئر لیڈر حسن مشرف نے کہا کہ کولہاپور ضلع میں ایک وقت ایسا تھا جب این سی پی کے پانچ ایم ایل اے اور دو ایم پی ہوا کرتے تھے، لیکن اب صرف دو نمائندے رہ گئے ہیں۔ ہم نے عہد کیا ہے کہ پارٹی کو دوبارہ اس کے سنہرے دور میں لے جائیں گے، اور آنے والے انتخابات میں این سی پی سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں جب چند لیڈروں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، تب انہوں نے کہا تھا کہ این سی پی کو ’ہاتھی‘ کی طاقت ملی ہے۔ اس پر ایک اخبار کے کالم میں طنز کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’مشرف صاحب کتنے ہاتھیوں کا بوجھ اٹھائیں گے؟‘ آج رنجیت سنگھ پاٹل اور راجے خان جمادار کے داخلے پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’اب این سی پی کو ہاتھی نہیں بلکہ جے سی بی اور بلڈوزر کی طاقت مل گئی ہے۔
حسن مشرف نے یقین دلایا کہ جو لوگ بھی این سی پی میں شامل ہو رہے ہیں، ان سب کو پارٹی میں مکمل عزت و احترام کے ساتھ مقام دیا جائے گا۔ گوکُل دودھ سنگھ کے سابق صدر رنجیت سنگھ پاٹل اور شندے گروپ کے سابق ضلع صدر راجے خان جمادار کے ساتھ ان کے سینکڑوں حامیوں، عہدیداروں اور کارکنوں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے، ریاستی وزیر حسن مشرف، پارٹی کے خزانچی و رکن اسمبلی شیو جی راؤ گرجے، چیف ترجمان آنند پرانجے، ممبئی ورکنگ پریزیڈنٹ سدھارتھ کامبلے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، ڈپٹی خزانچی سنجے بورگے، ریاستی جنرل سیکریٹری لطیف تامبولی، ترجمان مکل گاندھی، کولہاپور ضلع صدر بابا صاحب پاٹل سمیت پارٹی کے درجنوں لیڈر اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔