نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار آج پیش کریں گے 2025-26 کا بجٹ

اجیت پوار کے بجٹ پر کسانوں، صنعتکاروں، تاجروں سمیت پورے مہاراشٹر کی نظریں مرکوز

شیشراؤ وانکھیڑے کے بعد سب سے زیادہ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز اجیت پوار کو حاصل ہوگا

ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ و منصوبہ بندی اجیت پوار پیر (آج) 10 مارچ 2025 کو ریاست کا 2025-26 کا بجٹ پیش کریں گے۔ حال ہی میں اقتدار میں آئی مہایوتی حکومت کا یہ پہلا بجٹ ہوگا، جبکہ وزیر خزانہ کے طور پر اجیت پوار کا گیارہواں بجٹ ہوگا۔

اجیت پوار کو سخت مالی نظم و ضبط والے منتظم کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وہ عوامی جذبات کو سمجھتے ہوئے بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے فیصلے کرتے ہیں اور یہ یقینی بناتے ہیں کہ ریاست کی ترقی کا عمل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو رفتار دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کووڈ-19 کی سنگین صورتحال میں، جب کئی ریاستوں کی معیشت بحران میں تھی، اجیت پوار نے مہاراشٹر کی اقتصادی حالت کو بگڑنے نہیں دیا، جس پر انہیں قومی سطح پر سراہا گیا۔

اجیت پوار کے بجٹ میں ہمیشہ کسان، مزدور، خواتین، دلت، آدیواسی، طلبہ اور نوجوان مرکز میں رہے ہیں۔ سال 2021 کا بجٹ انہوں نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر پیش کیا تھا اور اسے ریاست کی خواتین کے نام منسوب کیا تھا۔ 2022 کا بجٹ انہوں نے 11 مارچ کو چھترپتی سنبھاجی مہاراج کی برسی پر پیش کیا، جسے انہوں نے سنبھاجی مہاراج کی جرات، قربانی، ایثار اور سوراجیہ سے وفاداری کے نام وقف کیا تھا۔ اس کے علاوہ، وہ زراعت، صنعت، ٹرانسپورٹ، صحت اور انسانی وسائل کی ترقی پر مرکوز بجٹ بھی پیش کر چکے ہیں۔

گزشتہ سال کا انتخابی بجٹ مکمل طور پر ہمہ گیر اور انقلابی تھا۔ اس بجٹ میں کیے گئے عوامی فلاحی فیصلوں نے مہایوتی حکومت کو دوبارہ اقتدار میں لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اب پیر کو پیش کیے جانے والے بجٹ سے عوام کو بے حد توقعات ہیں، اور انہیں پورا کرنے کے لیے اجیت پوار پر عوام کو مکمل اعتماد ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار پیر کو اپنا گیارہواں بجٹ پیش کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ مہاراشٹر کی تاریخ میں شیشراؤ وانکھیڑے کے بعد سب سے زیادہ بار بجٹ پیش کرنے والے دوسرے وزیر خزانہ بن جائیں گے۔ شیشراؤ وانکھیڑے نے 13 بار، اجیت پوار (پیر کے بجٹ سمیت) 11 بار، جینت پاٹل 10 بار اور سشیل کمار شنڈے 9 بار بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading