’اگست کرانتی دن‘ پر این سی پی کا جنگ آزادی کے شہدا کو خراجِ عقیدت
وزیر چھگن بھجبل، سابق وزیر نواب ملک اور دیگر رہنماؤں کی شرکت
ممبئی: اگست کرانتی دن کی مناسبت سے ممبئی ڈویژنل نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی جانب سے تاریخی گوالیا ٹینک میدان میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں آزادی کی جدوجہد کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ’کرانتی ستون‘ پر این سی پی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان نے گل چھرے نچھاور کیے اور آزادی کے لیے جان قربان کرنے والے مجاہدین کی قربانیوں کو یاد کیا۔
پھول مالا اور پُشپ چکر پیش کرنے کے بعد رہنماؤں نے آزادی کی تحریک میں گوالیا ٹینک کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔ یاد رہے کہ یہ وہی مقام ہے جہاں سے 9 اگست 1942 کو ’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی شروعات ہوئی تھی اور مہاتما گاندھی سمیت کانگریس قیادت نے انگریز حکومت کے خلاف ملک گیر جدوجہد کا اعلان کیا تھا۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر برائے خوراک و شہری فراہمی چھگن بھجبل، سابق وزیر اور سینئر لیڈر نواب ملک، رکنِ اسمبلی پنکج بھجبل، ممبئی کے کارگزار صدر سدھارتھ کامبلے، شیواجی راؤ نلاوڈے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، صوبائی نائب صدر بپّا ساونت، کوآپریٹو لیڈر نندو کاٹکر، جنوبی ممبئی کے ضلعی صدر مہندر پانسارے اور ممبئی کی خواتین ونگ کی صدر آر تی سالوی سمیت بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکن شریک ہوئے۔
وزیر چھگن بھجبل نے اس موقع پر کہا کہ گوالیا ٹینک آزادی کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جہاں سے انگریزوں کے خلاف حوصلے اور قربانی کی داستانیں شروع ہوئیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ آزادی کی قدر کو سمجھیں اور جمہوریت و آئین کے تحفظ کے لیے بیدار رہیں۔ سابق وزیر نواب ملک نے کہا کہ اگست کرانتی دن صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب عوام متحد ہو جائیں تو کوئی بھی طاقت ان کے حوصلوں کو توڑ نہیں سکتی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء نے شہداء کے لیے دعا کی اور یہ عہد کیا کہ ملک کی آزادی، جمہوریت اور سماجی انصاف کے لیے ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
NCP Urdu News 9 August 25.docx