جھوٹی اور گمراہ کن باتوں کے شکار نہ ہوں، اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کو برسرِ اقتدار لانے کے لیے ہمیں آشیرواد دیں
’جن سمّان یاترا‘ کی ناسک کے ڈنڈوری سے شروعات، اجیت پوار و سنیل تٹکرے کا جگہ جگہ والہانہ استقبال
ناسک، ڈنڈوری: مجھ جیسے عوامی خادم کے لیے عوام ہی سب کچھ ہے۔آپ تین دہائیوں سے میرے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ جس طرح چھترپتی شیواجی مہاراج نے تمام ذات و مذاہب کو ساتھ لے کر سوراج قائم کیا تھا اسی طرح ہم بھی تمام طبقات کی آواز سن کر اور ان کے دکھوں اور ضرورتوں کو سمجھ کر کام کرنے کی ایماندارانہ کوشش کر رہے ہیں۔ مہایوتی کے ذریعے خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کے لیے کئی اچھی اسکیمیں لائی گئی ہیں۔ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے، ہم بادشاہ نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں۔ یہ باتیں این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آج ’جن سمّان‘ یاترا کے افتتاحی تقریرب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
اجیت پوار نے کہا کہ میرے 33 سال کے سیاسی کیرئیر نے کئی سرد و گرم دیکھے ہیں۔ کسانوں کی مدد کی ہے۔ میرے کسانوں کو ساہوکاروں کے پاس جانا پڑتا تھا۔ ہم نے کم سود پر قرض دینے کا فیصلہ کیا۔جس کا فائدہ آج کسانوں کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی اب بھی ضرورت ہے۔ ریاست کی خواتین پالیسی کے ذریعے خواتین کو عزت دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ بجٹ میں ہم نے اپنی لاڈلی بہنوں کو 1500 روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ درخواستیں ابھی بھی بھری جا رہی ہیں۔ پریشان نہ ہوں، جب تک آپ کو پوجنا کے پیسے نہیں ملتے، تب تک یہ اجیت پوار آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تمام لڑکیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ ایک سال میں تین سلنڈر مفت دیئے جائیں گے۔ کسانوں کے بجلی کے بل معاف کر دیے گئے ہیں۔ پچھلے اور اگلے دونوں بجلی کے بل نہیں بھرنے ہیں۔ کوئی بجلی بل مانگنے آئے تو میرا نام بتا دینا۔ فکر مت کیجئے، یہ حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ اجیت پوار نے کہا کہ پیاز برآمد کرنے کی پالیسی کی وجہ سے پیاز پیدا کرنے والے کسان مشکل میں پڑ جاتے ہیں۔ ان پیاز کی وجہ سے ہمارے کسان بھائیوں کو بہت پریشانی ہوتی ہے۔ اس لیے پیاز کی برآمد ہٹانے کے لیے ہم نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔
این سی پی کے قومی صدر اجیت پوار نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میری ماں بہنوں کا ہے۔ اس الیکشن میں ان کا کام اہم ہے۔ ہمیں اپنا بیٹا، اپنابھائی سمجھئے، آپ کو جس مدد کی ضرورت ہوگی، ہم وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار کے لالچ میں نہیں ہیں۔ ہم اس لیے اقتدار میں شامل ہوئے کہ اس کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کام ہو تے ہیں۔ آج میں جو کچھ بھی کر رہا ہوں اقتدار میں ہونے کی وجہ سے کر پا رہا ہوں۔ آج میں اقتدار میں ہوں اسی لیے لاڈلی بہین اسکیم، کسانوں کا بجلی بل معافی، تین مفت سلنڈر دینے کی اسکیم جیسے فلاحی اسکیم لاگو کر پا رہا ہوں۔ اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ ہم کام کر سکتے ہیں کیونکہ انتظامیہ پر ہماری گرفت ہے۔
اجیت پوار نے کہا کہ یہ حکومت تمام ذاتوں اور مذاہب کی ہے۔ آپ کے لیے اچھے منصوبے لائے ہیں۔ آپ جھوٹی اور گمراہ کن باتوں کے شکار نہ ہوں۔ لوک سبھا میں جو کچھ ہوا اسے بھول جائیں اور اسمبلی میں مہایوتی حکومت لانے کے لیے ہمیں آشیرواد دیں۔ اس ’جن سمّان‘ یاترا میں این سی پی کے سینئر لیڈر اور وزیر چھگن بھجبل، اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری جھیروال، وزیر زراعت دھننجے منڈے، وزیر کھیل سنجے بنسوڈے، ایم ایل اے نتن پوار، سابق ایم پی سمیر بھجبل، خواتین شعبے کی ریاستی صدر روپالی چاکنکر، یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان، ضلع صدر رویندر پگار، ریاستی نائب صدر پرمود ہندو راؤ وغیرہ کے ساتھ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور عہدیدار موجود تھے۔