اسمبلی انتخابات کی تیاری کے لیے کانگریس لیڈر 10 اگست سے مراٹھواڑہ و ودربھ کا دورہ کریں گے
ریاستی کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا سمیت ریاست کے سینئر لیڈران جائزہ لیں گے
ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس اسمبلی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس کے تحت ریاستی کانگریس کے تمام اہم لیڈران 10 اگست سے مراٹھواڑہ اور ودربھ کا دورہ کریں گے۔ ریاستی انچارج رمیش چنیتھلا سمیت ریاست کے سینئر لیڈران ضلع وار میٹنگ کریں گے اور اضلاع کا جائزہ لیں گے۔ اس دورے میں انچارج رمیش چنیتھلا، ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس کے لیڈر بالاصاحب تھورات، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اسمبلی میں گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، سابق وزیر امیت دیشمکھ ضلع وار میٹنگ کریں گے اور کانگریس لیڈروں اور عہدیداروں سے بات چیت کریں گے نیز انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔
ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے کے مطابق مراٹھواڑہ دورے کے تحت 10 اگست کو لاتور میں دھاراشیو، بیڑ و لاتور اضلاع کی میٹنگ، 11 اگست کو ناندیڑ میں ناندیڑ کے علاوہ پربھنی اور ہنگولی اضلاع کی میٹنگ اور12 اگست کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ ضلع کی میٹنگ، 13 اگست کو بلڈھانہ میں اکولہ اور واشیم اضلاع کی میٹنگ اور 14 اگست کو امراؤتی میں ایوت محل اور امراوتی اضلاع کی میٹنگ منعقد ہوگی۔