آئین اور قانون کے بارے میں بیداری لانے کے لیے قانون کے طلبہ کو پہل کرنی چاہیے
ممبئی: جمہوریت کو مضبوط کرنے اور مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ شہریوں میں ملک کے آئین اور قوانین کے تئیں بیداری پیدا کی جائے۔ اس شعور کو فروغ دینے کے ساتھ سماج کے کمزور، محروم اور نظرانداز طبقات کو ان کے حقوق اور انصاف دلانے کے لیے قانون کے طلبہ کو آگے آنا چاہیے اور مستقبل میں انصاف پسند وکیل کے طور پر اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ باتیں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے پونے کے شری شیواجی مراٹھا سوسائٹی لا کالج کے طلبہ کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیں۔
پونے کے شری شیواجی مراٹھا سوسائٹی لا کالج کے پچاس سے زائد طلبہ، پرنسپل سدھکلا بھاؤسار، ایسوسی ایٹ پروفیسر بھانو داس گرجے اور دیگر افراد نے پیر کے روز نائب وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران طلبہ نے سیاسی، سماجی، معاشی، ثقافتی اور قانونی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر اجیت پوار سے بات چیت کی۔ طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ طالب علم کو زندگی بھر سیکھنے کی عادت برقرار رکھنی چاہیے۔ پچاس سال کی عمر کے بعد بھی سیکھنے کا رجحان ختم نہیں ہونا چاہیے۔ تعلیم کے دوران متعلقہ شعبے کے تجربہ کار لوگوں کے ساتھ کام کرکے ان سے کام کاج کی باریکیوں کو سمجھنا چاہیے۔ زندگی کو ہمیشہ مثبت نقطہ نظر سے دیکھنا چاہیے۔ آج آپ سب قانون کے طلبہ ہیں اور کل کامیاب وکیل بنیں گے، لیکن وکیل بننے سے پہلے آج کے بہترین طالب علم اور کل کے مثالی شہری بننے کی کوشش کریں۔
اجیت پوار نے کہا کہ سیاست، سماجی خدمت، معیشت، ادب، کھیل، آرٹ اور وکالت جیسے شعبوں میں مقام برقرار رکھنے کے لیے مسلسل خود کو ثابت کرنا ضروری ہے۔ اس کے لیے گہرے مطالعہ، سخت محنت اور ثابت قدمی کی ضرورت ہوتی ہے۔ آئین اور قوانین کے تحت دی گئی ذمہ داریوں کو ایمانداری، جرات، غیرجانبداری اور لگن کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ بات چیت کے دوران انہیں ایک عوامی رہنما، ایک خاندانی سرپرست اور ایک بے تکلف دوست جیسا تجربہ ہوا۔ ساگر کھوروڈ، مہادیو پاٹل، انوج بسالے، امیت کاکڑے، شانتنو داتے اور ہریش منیکر سمیت 50 سے زائد طلبہ اس ملاقات میں شریک تھے۔
NCP Urdu News 06 January 25.docx