NCP Urdu News 6 August 25

ریاستی حکومت معاشی طور پر کمزور طبقات کو کینسر ویکسین فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے: آدیتی تٹکرے

ممبئی: مہاراشٹر کی خواتین و اطفال فلاح و بہبود کی وزیر آدیتی تٹکرے نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کی مہایوتی حکومت ریاست کے معاشی طور پر کمزور طبقے کی خواتین کو کینسر سے بچاؤ کی ویکسین (HPV ویکسین) مفت یا رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ یہ اعلان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر اور نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار کے یومِ پیدائش کے موقع پر کیا گیا، جب نیشنلسٹ یوتی کانگریس کی جانب سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا۔

اس مہم کے تحت بدھ کے روز ممبئی کے وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن آڈیٹوریم میں خواتین کی صحت کے تحفظ کے مقصد سے ایک مفت HPV ویکسینیشن کیمپ منعقد کیا گیا۔ یہ کینسر مخالف ویکسینیشن مہم یوتی کی ریاستی صدر سندھیا سونوانے کی قیادت میں چلائی گئی۔ آدیتی تٹکرے نے اس موقع پر اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں کام کرتے ہوئے خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے مسائل پر کام کرنے کا موقع ملا اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر بیماریوں کے مقابلے میں کینسر کی تکلیف ابتدا میں محسوس نہیں ہوتی، عموماً تیسرے مرحلے میں اس کے آثار ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دیہی علاقوں کی لڑکیوں اور خواتین کو اس بیماری کے تعلق سے بیدار کرنا نہایت ضروری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ HPV ویکسین کی تینوں خوراکیں لینا ضروری ہیں، اگر ایک بھی خوراک چھوٹ گئی تو ویکسین کا اثر باقی نہیں رہتا۔

اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیرِ خوراک و ادویات نرہری جھروال نے دیہی علاقوں میں لڑکیوں اور خواتین کے لیے ایسی ویکسینیشن مہمات چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تیز رفتار زندگی میں غذا ایک فیشن بن گئی ہے، لیکن یہی فیشن صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ مستقبل میں سنگین بیماریوں سے بچنے کے لیے ابھی سے ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش سے پرہیز کرنا ہوگا۔ ریاستی وزیر برائے کھیل مانک راؤ کوکاٹے نے کہا کہ کینسر جیسی مہلک بیماریوں سے بچنے کے لیے پہلے ہی سے ضروری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ متوازن غذا کو اپنانے سے آنے والی نسل ایک بہتر زندگی گزار سکے گی۔ اس ویکسینیشن کیمپ کے دوران کینسر سے متعلق آگہی، ماہر ڈاکٹروں کی رہنمائی، اور HPV ویکسین سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔ اس مہم کا افتتاح معروف مراٹھی اداکارہ جانوی کلّےدار نے خود پہلا ٹیکہ لے کر کیا۔

اس موقع پر وزیر نرہری جھروال، وزیر مانک راؤ کوکاٹے، وزیر آدیتی تٹکرے، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے، ریاستی ترجمان ویشالی ناگواڑے، روپالی تائی ٹھومبرے، اداکارہ جانوی کلّےدار، یوتی کی ریاستی صدر سندھیا سونوانے، جے جے اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور بڑی تعداد میں نوجوان لڑکیوں نے شرکت کی۔

NCP Urdu News 6 August 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading