اس کیمپ میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور و فکر ہوگا: سنیل تٹکرے
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے آج ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ جمعہ، 19 ستمبر 2025 کو ناگپور میں پارٹی کا اہم ’چنتن شیبِر‘ منعقد کیا جائے گا۔ اس کیمپ کا مقصد پارٹی کے داخلی مسائل، نوجوانوں کی بدلتی توقعات، سماجی و تکنیکی ترقی اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور و فکر کرنا ہے تاکہ ایک مضبوط اور مستقبل بین سیاسی پلیٹ فارم تشکیل دیا جا سکے۔
تٹکرے نے بتایا کہ اس کیمپ میں پارٹی کے سینئر لیڈران، وزراء، سابق و موجودہ اراکین اسمبلی و پارلیمنٹ، تمام شعبہ جات کے صوبائی صدور، ضلعی صدور اور قومی ورکنگ کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے۔ کیمپ میں خاص طور پر نوجوانوں کی بدلتی ہوئی ترجیحات، معاشرت کے مختلف طبقات کی توقعات، ٹیکنالوجی اور سماج میں اس کے اثرات، نوجوانوں کی زندگی کے انداز اور نقطہ نظر کے موضوعات پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کے ہر کونے میں پارٹی کے نظریات، پالیسیوں اور عوامی منصوبوں کو ہر گھر تک پہنچانے کے عملی اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ اس کیمپ کا بنیادی مقصد ایک ایسی مستقبل کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی تیار کرنا ہے جو اقدار پر مبنی ہو، لیکن جدید دور کی ضروریات اور نوجوانوں کی توقعات کے مطابق ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ محض ایک کیمپ نہیں بلکہ مہاراشٹر اور ملک کی سیاسی سمت متعین کرنے والا ایک تاریخی مرحلہ ہے، جو نیشنل کانگریس پارٹی کی سیاسی سفر میں اہم مقام رکھے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپ کے دوران ریاستی سطح کی طے شدہ پالیسیوں کے اعلان کے بعد، ایک پریس کانفرنس میں تفصیل سے وضاحت پیش کی جائے گی اور آئندہ حکمت عملی کی شروعات کے وقت کا اعلان بھی مناسب موقع پر کیا جائے گا۔ اس موقع پر پارٹی کی قیادت عوام اور میڈیا کے سامنے اپنی مستقبل بین حکمت عملی پیش کرے گی تاکہ پارٹی کی سمت واضح اور عوام کے لیے شفاف ہو۔
اس پریس کانفرنس میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے خزانچی اور رکن اسمبلی شواجی راؤ گرجے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، ممبئی کے ورکنگ صدر سدھارتھ کامبلےاور ریاستی جنرل سیکریٹری لطیف تامبولی بھی موجود تھے۔