دھننجے منڈے نے اخلاقیات کی بنیاد پر ایک ذمہ دار سیاسی رہنما کے طور پر استعفیٰ دیا – سنیل تٹکرے

ممبئی: دھننجے منڈے کا سنتوش دیشمکھ قتل معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور تفتیش میں بھی ایسا کچھ سامنے نہیں آیا ہے، مگر انہوں نے اخلاقیات کی بنیاد پر ایک ذمہ دار سیاسی رہنما کے طور پر استعفیٰ دیا ہے۔ یہ باتیں این سی پی کے ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہی ہیں۔

دھننجے منڈے کے استعفیٰ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تٹکرے نے کہا کہ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، یہ مؤقف بیڑ سے لے کر ریاست بھر میں پارٹی کے تمام رہنماؤں نے اختیار کیا تھا۔ آج دھننجے منڈے کے استعفیٰ کا فیصلہ اخلاقیات کے مطابق ہے۔ سنتوش دیشمکھ معاملے کی تفتیش کسی دباؤ کے بغیر جاری ہے اور امید ہے کہ قصورواروں کو سخت سزا دی جائے گی۔ چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر غور ہے، اس پر مزید تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا، لیکن این سی پی کا یہ واضح پیغام ہے کہ وہ کسی بھی جرم یا غیر قانونی عمل کی حمایت نہیں کرتی۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے پہلے ہی اخلاقی بنیادوں پر خود استعفیٰ دینے کی ایک مثال قائم کی تھی اور اس معاملے میں بھی انہوں نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ ہمارا عدلیہ اور قانون پر مکمل یقین ہے اور ہم ان کے کام میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کریں گے۔ انصاف میں تاخیر نہ ہو، اس کے لیے ہم پرعزم ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading