اجیت دادا پوار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک گیر استھی کلش یاترا: این سی پی یوتھ کانگریس

کشمیر سے کنیاکماری تک مقدس دریاؤں اور مذہبی مقامات پر استھی وسرجن کا اہتمام

اجیت دادا پوار کے افکار و نظریات کو ہندوستان کے کونے کونے تک پہنچانے کا عزم

ممبئی: مہاراشٹر کے مرحوم نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر رہ چکے اجیت دادا پوار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کی جانب سے ملک گیر سطح پر استھی کلش یاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس یاترا کے تحت کشمیر سے کنیاکماری تک ہندوستان کے مختلف حصوں میں واقع مقدس دریاؤں اور اہم مذہبی مقامات پر استھی وسرجن کیا جائے گا۔

اس استھی کلش یاترا کے ذریعے ملک بھر کے لاکھوں حامیوں اور کارکنوں کو اجیت دادا پوار کو عقیدت و احترام کے ساتھ خراج پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ منگل کے روز بارامتی میں واقع رہائش گاہ پر روایتی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد اجیت دادا پوار کے فرزند پارتھ پوار نے باضابطہ طور پر نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کے عہدیداران کے حوالے استھی کلش کیے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ اجیت دادا پوار صرف مہاراشٹر تک محدود شخصیت نہیں تھے بلکہ ان کی قیادت اور نظریات کو پورے ہندوستان میں قبولیت حاصل تھی۔ وقت کی کمی کے باعث ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کئی کارکن اور حامی بارامتی میں ان کے آخری دیدار نہیں کر پائے تھے، جس کی وجہ سے عوام کے دلوں میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کی خواہش باقی تھی۔ استھی کلش یاترا کے ذریعے اسی جذباتی وابستگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پارتھ پوار نے کہا کہ اس یاترا کے ذریعے نیشنلسٹ یوتھ کانگریس میرے والد مرحوم کو ایک منفرد اور باوقار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے اور ان کے افکار، ترقی پسند سوچ، کسان دوست پالیسیوں اور سماجی انصاف کے اصولوں کو پورے ملک میں عام کرنے کا عزم لے رہی ہے۔

یہ استھی کلش یاترا دہلی میں واقع پارٹی کے مرکزی دفتر میں باقاعدہ پوجا کے ساتھ شروع ہوگی، جس کے بعد استھی کلش ملک کے مختلف حصوں میں روانہ کیے جائیں گے۔ یہ یاترا 4 فروری سے 7 فروری کے درمیان منعقد کی جائے گی اور دس سے زائد ریاستوں سے ہو کر گزرے گی۔ یاترا کی رسمی شروعات اتراکھنڈ کے ہری دوار میں واقع ہری کی پاوڑی اور اتر پردیش کے پریاگ راج میں مقدس سنگم سے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ وارانسی کے منی کرنیکا گھاٹ، بہار کے پٹنہ، جھارکھنڈ، پنجاب، کشمیر اور کنیاکماری سمیت کئی دیگر مقامات پر استھی وسرجن اور تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

اس یاترا کے دوران اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، پنجاب، جموں و کشمیر اور تمل ناڈو جیسی ریاستوں کے اہم تیرتھ استھانوں پر استھی وسرجن کیا جائے گا۔ اس مہم کے ذریعے اجیت دادا پوار کے ترقیاتی کاموں، کسانوں کے حق میں اختیار کی گئی پالیسیوں اور سماجی مساوات کے نظریات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس ملک گیر استھی کلش یاترا کی قیادت نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کے قومی صدر دھیرج شرما کر رہے ہیں، جن کی رہنمائی میں پارٹی کے مختلف عہدیداران اور کارکن اس پروگرام کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں سرگرم ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading