ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی متعدد اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی، رائےگڑھ اور رتناگیری اضلاع کے لیے سرخ انتباہ (ریڈ الرٹ) جاری کیا ہے، جبکہ سندھودرگ کے لیے کل کے دن سرخ انتباہ دیا گیا ہے۔ پالگھر کے لیے زرد انتباہ (یلو الرٹ) جاری ہے۔ ممبئی، تھانے، پالگھر، رائےگڑھ، رتناگیری، سندھودرگ، ناسک، ستارا، سانگلی اور کولہا پور کے اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خاص طور پر پونے، ستارا، سانگلی اور کولہا پور کے پہاڑی علاقوں میں بارش کی شدت آئندہ چند دنوں تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ان حالات کے پیش نظر نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے ریاستی اور ضلعی مشینری کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے عوام کے تحفظ، امداد اور بچاؤ کے کاموں کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کیے جائیں، اور عوام کو بھی مشورہ دیا کہ وہ محتاط اور محفوظ رہیں، محفوظ مقامات پر پناہ لیں، اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تعاون فراہم کریں۔
بارش سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے اجیت پوار گزشتہ شب بارامتی پہنچے اور صبح سے ہی بارامتی اور انداپور تعلقہ سمیت پونے ضلع کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کر کے صورت حال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریاست کے اقلیتی امور، کھیل و یوتھ ویلفیئر کے وزیر دتّا بھارنے، چھترپتی کوآپریٹو شوگر فیکٹری کے نومنتخب ڈائریکٹر پرتھوی راج جاچک، ضلع کلکٹر جتیندر ڈوڈی، مقامی عوامی نمائندے، سرپنچ، اداروں کے عہدیداران اور عام دیہاتی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
نائب وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران پونے کے دیہی علاقوں کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا اور وزارت میں قائم ریاستی سطح کے آفاتِ سماوی کنٹرول و انتظامی مرکز سے بھی دیگر اضلاع میں بارش، ڈیموں کی صورتحال اور مقامی حالات کی معلومات حاصل کیں۔ مختلف اضلاع کے کلکٹروں سے فون پر گفتگو کے ذریعے بارش اور امدادی کارروائیوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فصلوں، مویشیوں اور گھروں کے نقصانات کا فوری پنچنامہ (جائزہ رپورٹ) تیار کیا جائے اور ریاستی و ضلعی افسران چوکنا رہ کر باہمی رابطے سے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کریں۔
نائب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ممبئی کی مضافاتی ریل خدمات بھی بارش سے متاثر ہوئیں، ہاربر لائن بند رہی جبکہ وسطی اور مغربی ریلوے کی خدمات تاخیر سے چلتی رہیں۔ مہاڑ سے قلعہ رائےگڑھ کی جانب جانے والا راستہ بند ہو چکا ہے۔ پندھرپور میں ندی کنارے واقع ایک مندر میں پھنسے تین پجاریوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا گیا۔ اس موقع پر اجیت پوار نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے تمام عوامی نمائندوں، عہدیداران اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قیام کر کے عوامی مدد کے کاموں میں سرگرم کردار ادا کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں، اگر گھروں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہو تو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ حکومتِ مہاراشٹر اور مقامی خود مختار اداروں کے افسران و ملازمین سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے فرائض ادا کرتے وقت اپنی حفاظت کا خاص خیال رکھیں، تاکہ مشکل حالات میں عوام کی بہتر خدمت ممکن ہو سکے۔