لندن میں ’مہاراشٹر بھون‘ کے لیے 5 کروڑ روپے کی منظوری
مہاراشٹر منڈل کے مطالبے پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا فیصلہ
ممبئی: لندن میں مقیم مراٹھی سماج کا برسوں پرانا مطالبہ بالآخر پورا ہونے جا رہا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اطلاع دی ہے کہ مہاراشٹر منڈل نے لندن کے ’چرچ آف انگلینڈ‘ کی عمارت خرید کر وہاں ’مہاراشٹر بھون‘ قائم کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ گنیش اتسو کے موقع پر مہاراشٹر حکومت کی اس پیشکش پر لندن واقع مہاراشٹر منڈل نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مہاراشٹر منڈل، لندن، ملک سے باہر اور برطانیہ کی قدیم ترین مراٹھی تنظیموں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی بنیاد 1932 میں مہاتما گاندھی کے نجی سکریٹری ڈاکٹر این۔ سی۔ کیلکر نے رکھی تھی۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد لندن اور آس پاس کے علاقوں میں بسنے والے مراٹھی بھائیوں کو ثقافتی و سماجی پروگراموں کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر لانا تھا۔ گزشتہ 93 برسوں سے یہ منڈل مختلف ثقافتی میلوں، تقاریب اور سماجی سرگرمیوں کا اہتمام کرتا رہا ہے۔ فی الحال لندن اور اس کے نواحی علاقوں میں ایک لاکھ سے زیادہ مراٹھی افراد اس سے وابستہ ہیں۔ لیکن ابتداء سے ہی یہ ادارہ کرائے کی عمارت سے ہی اپنی سرگرمیاں چلا رہا تھا، اسی لیے مراٹھی سماج اپنی مستقل عمارت کے مطالبے پر زور دے رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے ہی منڈل کے نمائندوں نے پونے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کر کے ’مہاراشٹر بھون‘ کے لیے مالی تعاون کی اپیل کی تھی۔ اجیت پوار نے فوراً مثبت ردِعمل ظاہر کیا اور تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی منظوری کے بعد ریاستی حکومت نے اس ادارے کو 5 کروڑ روپے کی رقم دینے کی اجازت دی ہے۔ یہ رقم ’مہاراشٹر بھون‘ کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی، جس کے نتیجے میں لندن میں مراٹھی سماج کو اپنا مستقل ثقافتی اور سماجی مرکز میسر آ جائے گا۔
’مہاراشٹر بھون‘ برطانیہ اور مہاراشٹر حکومت کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے مراٹھی ادب، رقص، موسیقی اور تہواروں کے ذریعہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ ملے گا۔ ساتھ ہی مراٹھی زبان کے فروغ کے لیے زبان کی کلاسیں، ورکشاپس اور بین الاقوامی کانفرنسیں بھی منعقد کی جا سکیں گی۔ اس سے مراٹھی زبان کو عالمی سطح پر مزید تقویت ملے گی، ایسا یقین نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ظاہر کیا ہے۔
NCP Urdu News 26 August 25.docx