مسلمانوں سے گھر پر ہی نماز ادا کرنے کی اپیل
ممبئی: ریاست کے اقلیتی فلاح وبہبود کے کابینی وزیرنواب ملک نے عیدالفطرکے موقع پر ریاست کے تمام عوام کو مبارکباد پیش کی ہے اور کورونا بحران کے پیشِ نظر مسلمانوں سے اپیل کی ہے وہ اپنے اپنے گھروں میں ہی عیدالفطر کی نمازادا کریں۔
نواب ملک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے روک تھام کے لیے ریاست میں گزشتہ دو مہینے سے لاک ڈاون جاری ہے کہ اسی دوران اس مبارک مہینے کی بھی آمد ہوگئی۔ کورونا کے بحران کی وجہ سے مسلمانوں کو اس ماہِ مبارک میں بہت زیادہ احتیاط کرنا پڑا۔ اس مبارک مہینے سے متعلق مذہبی فرائض مسلمانوں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی ادا کیے اور اس بات کا خاص خیال رکھا کہ بھیڑبھاڑ نہ ہو۔ تراویح کی نماز، روزہ افطار، سحری وغیرہ جیسے رمضان المبارک سے متعلق خصوصی عبادات مسلمانوں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی ادا کیے۔
نواب ملک نے کہا کہ چونکہ ابھی بھی کورونا کی مصیبت ختم نہیں ہوئی ہے اور ریاست میں لاک ڈاون بھی جاری ہے، اس لیے عیدالفطر کی نماز بھی اپنے اپنے گھروں میںہی ادا کی جائے۔ عیدالفطر کی نماز گھروں میں ادا کرنے کی اپیل مختلف علماءومفتیانِ کرام نے بھی کی ہیں۔ اس لیے مسلمانوں سے گزارش ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دیگر عبادات کی طرح عیدالفطرکی نماز بھی اپنے ہی گھروں میں اداکریں۔اس موقع پر نواب ملک نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ عیدالفطرکے بعد گلی ومحلوں میں بھیڑ بھاڑ نہ کریں۔ بالمشافہ ملاقات کے بجائے موبائیل کے ذریعے ہی اپنے لوگوں کو عیدالفطرکی مبارکباد دیں نیز دنیا سے کورونا کی وبا کو دور ہونے کے لیے خصوصی طور پر دعاوں کا اہتمام کریں۔
