اقتدار کے غلط استعمال سے حکومت کو بدنام کیا جارہا ہے
جو سیاست چل رہی ہے وہ جلد ہی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگی: نواب ملک
ممبئی: ریاست کے سابق وزیرداخلہ انل دیشمکھ کے گھر پر سی بی آئی کے ذریعے چھاپہ ماری اور اس معاملے میں کی جارہی ہے سیاست پر تنقید کرتے ہوئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے کہا ہے کہ یہ دراصل اقتدار کے غلط استعمال کے ذریعے ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ سابق وزیرداخلہ کو بدنام کرنے کے لیے ہی یہ پورا کھیل کھیلا جارہا ہے، لیکن ہمیں عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔ اس معاملے میں جو سیاست چل رہی ہے وہ جلدہی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگی۔
نواب ملک نے کہا کہ اگر سی بی آئی کو کسی بات پر شک ہو یا اسے ضرورت محسوس ہو تو ووہ تفتیش کرسکتی ہے یا چھاپہ ماری کرسکتی ہے۔ لیکن پہلے ہی دن سے جس طرح اس معاملے کو سیاسی رنگ دی جارہی ہے اور اس جس طرح اس پر سیاست چل رہی ہے وہ اقتدار کے غلط استعمال کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ممبئی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو سابق وزیرداخلہ انیل دیشمکھ معاملے میں ابتدائی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کے لیے کہا تھا۔ لیکن جس طرح آج سی بی آئی نے چھاپے ماری کا سلسلہ شروع کیا ہے اس پر سی بی آئی نے کیا عدالت کے سامنے ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ پیش کی؟ کیا عدالت نے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ یا حکم دیا ہے؟اس بابت کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہے یا پھر ہمارے پاس نہیں ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ قانون سے کوئی بڑا نہیں ہے۔ انل دیشمکھ نے ابتداء سے ہی سی بی آئی کی تفتیش میں تعاون کی ہے۔ معاملہ امبانی کے گھرکے سامنے گاڑی میں رکھے گئے دھماکہ خیز اشیاء کا ہے جس میں ابھی تک این آئی اے یہ تفتیش نہیں کرسکی ہے کہ سچن وازے کس کے اشارے پر کام کررہا تھا، نیز اس معاملے میں ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمویرسنگھ کا کیا کردار تھا؟ پرمویرسنگھ کے مکتوب کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سیاست کی جارہی ہے، جس کی سچائی بہت جلد عوام کے سامنے بے نقاب ہوگی۔