جلگاؤں ضلع کے پاچورا کے قریب ٹرین حادثہ افسوسناک، مسافروں کی ہلاکت پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا اظہار غم

زخمیوں کے بچاؤ اور امدادی کام کے لیے ریلوے اور ضلعی انتظامیہ کی جنگی پیمانے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری

ممبئی: جلگاؤں ضلع کے پاچورا علاقے میں پاردھاڑے ریلوے اسٹیشن کے قریب ہونے والا ٹرین حادثہ ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، جس میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے نے سبھی کو غمزدہ کر دیا ہے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی اجیت پوار نے فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور حادثے کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے زخمی مسافروں کو فوری امداد فراہم کرنے اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

وزیر گریش مہاجن جائے حادثہ پر فوری پہنچے اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ریلوے حکام کے ساتھ مقامی مشینری نے جنگی پیمانے پر بچاؤ اور امدادی کام شروع کر دیا ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، جو اس وقت ڈاووس میں موجود ہیں، نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا اور حادثے کی تفصیلات حاصل کرکے فوری طور پر ضروری ہدایات دیں تاکہ متاثرین کو جلد سے جلد مدد فراہم کی جا سکے۔

ریلوے اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جائے حادثہ پر ضروری آلات جیسے گلاس کٹر، فلڈ لائٹس، اور دیگر سامان پہنچا دیا گیا ہے تاکہ کام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی تصدیق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کی۔

حادثے کے نتیجے میں متاثرہ خاندان غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ درد کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثے کی جگہ پر ہجوم نہ کریں تاکہ امدادی کارروائیوں میں خلل نہ پڑے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading