مہاراشٹر: پشپک ایکسپریس میں آگ کی افواہ کے بعد خوفناک حادثہ، 8 افراد ہلاک، 12 زخمی

جلگاؤں، 22 جنوری (یجنسیز) مہاراشٹر کے جلگاؤں ضلع میں پردھاڑے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ کے بعد کئی مسافر چلتی ٹرین سے کود گئے اور قریب سے گزرتی بنگلورو ایکسپریس کی زد میں آ گئے۔ اس واقعے میں اب تک 8 افراد کے ہلاک ہونے اور 12 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

واقعہ کی تفصیلات کے مطابق، پشپک ایکسپریس، جو اتر پردیش کے لکھنؤ سے ممبئی جا رہی تھی، جلگاؤں کے قریب اچانک رک گئی۔ ٹرین کے بریک لگنے سے چنگاریاں نکلنے لگیں، جس پر کچھ مسافروں نے شور مچایا کہ ٹرین میں آگ لگ گئی ہے۔ خوف و ہراس کے باعث کئی مسافروں نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ اسی دوران، قریبی ٹریک پر بنگلورو ایکسپریس تیزی سے گزر رہی تھی، جس نے چھلانگ لگانے والے متعدد مسافروں کو اپنی زد میں لے لیا۔

ایک عینی شاہد کے مطابق، "پشپک ایکسپریس کے اچانک بریک لگنے سے چنگاریاں نکل رہی تھیں۔ دروازے کے قریب بیٹھے لوگوں نے شور مچایا کہ ٹرین میں آگ لگ گئی ہے، جس سے مسافر خوفزدہ ہو کر کودنے لگے۔ اس دوران، بنگلورو ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی، اور یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔”

جلگاؤں ضلع کلکٹر نے ابتدائی معلومات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 8 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی ٹیم جائے حادثہ پر موجود ہے، اور امدادی و بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے کے بعد پشپک ایکسپریس کو پاچورا ریلوے اسٹیشن کے قریب روک دیا گیا ہے، اور معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading