NCP Urdu News 20 May 25

ہمارا واحد نظریہ تمام مذاہب کا احترام ہے: اجیت پوار

اکولا ضلع سے مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں عہدیدار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شامل، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کیا پُرجوش خیرمقدم

ممبئی، 20 مئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ہمارا واحد نظریہ تمام مذاہب کا احترام ہے۔ پارٹی کی فکری بنیاد شیواجی مہاراج، راجا شاہو، مہاتما پھُلے اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے افکار پر قائم ہے اور ان عظیم رہنماؤں کے نظریات ہمارے رویّے اور عمل میں جھلکنے چاہییں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ بعض افراد کے لبوں پر کچھ اور دل میں کچھ اور" ہوتا ہے۔

اجیت پوار آج ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں اکولا ضلع کے پاتور تعلقہ سے سابق میونسپل چیئرمین، سابق ضلع پریشد ارکان، سرپنچ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے وابستہ عہدیداروں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو قائم ہوئے پچیس برس ہو چکے ہیں اور اس عرصے میں بہت کچھ بدل چکا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم پارٹی کو مزید مستحکم کریں اور اس کی عوامی بنیاد کو وسعت دیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی توجہ دلائی کہ مقامی خود بلدیاتی اداروں کے انتخابات پچھلے تین سال سے نہیں ہوئے ہیں اور یہ انتخابات پارٹی کارکنوں کے لیے اہم موقع ثابت ہوں گے۔

کارکنوں کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہ پارٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل سے گریز کریں۔ ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں جس سے عوامی اعتماد متزلزل ہو۔ پارٹی میں میں نے کبھی امتیاز نہیں برتا، ہم ہر اس فرد کو موقع دیتے ہیں جو سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو عوام سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کارکنان کو ایسا ہونا چاہیے جو عوامی مسائل کے حل میں سرگرم ہوں۔ اجیت پوار نے کہا کہ سو فیصد کام تو مجھ سے بھی نہیں ہو پاتا، لیکن میری کوشش یہی رہتی ہے کہ عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جا سکے۔ میں ایک عملی انسان ہوں، صبح سویرے اٹھ کر کام میں جُٹ جاتا ہوں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرتا۔

انہوں نے تمام نئے شامل ہونے والے افراد کو تاکید کی کہ اب اکولا ضلع میں پارٹی کو منظم و مضبوط کرنے کے لیے سرگرم ہو جائیں اور زمینی سطح پر کام کا آغاز کریں۔ اس موقع پر نیشنلسٹ کانگریس کے رکن اسمبلی امول متکری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں پارٹی کے خزانچی اور رکن اسمبلی شواجی راؤ گرجے، رکن اسمبلی ادریس نائیکواڈی، ترجمان آنند پرانجے، یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان، ریاستی جنرل سیکریٹری لطیف تمبولی، سابق رکن اسمبلی اتل بینکے، ڈپٹی خزانچی سنجے بورگے اور اکولا ضلع کے صدر محمد بدرالزماں سمیت دیگر سینئر لیڈران اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

انجلی دمانیا کو جمہوریت کے تینوں ستونوں میں سے کسی پر بھی اعتماد نہیں

اسی لیے ان کے بیانات کو ہم زیادہ اہمیت نہیں دیتے: آنند پرانجپے

ممبئی، 20 مئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے نے سماجی کارکن انجلی دمانیا کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجلی دمانیا کو نہ تو جمہوریت کے تینوں ستونوں پر اعتماد ہے، نہ ہی عوامی مینڈیٹ پر یقین، اور نہ ہی عدلیہ کے فیصلوں کو وہ تسلیم کرتی ہیں۔ اسی لیے ہم ان کے بیانات کو کوئی خاص اہمیت نہیں دیتے۔

آنند پرانجپے نے کہا کہ انجلی دمانیا کا طرزِ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین پر یقین نہیں۔ وہ نہ تو عوام کے جمہوری فیصلوں کو قبول کرتی ہیں، نہ ہی عدلیہ کے فیصلوں کو مانتی ہیں، اور یہی ان کے بیانات کا پس منظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما چھگن بھجبل ایک تجربہ کار اور عوامی حمایت یافتہ رہنما ہیں، جنہوں نے آج ایک بار پھر ریاستی کابینہ میں وزیر کے طور پر حلف اٹھایا ہے۔ ایِوَلا حلقے کی عوام نے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کیا اور ان پر لگائے گئے الزامات پر عدالت نے انہیں باعزت بری قرار دیا، جو سب کے علم میں ہے۔

پرانجپے نے وضاحت کی کہ پہلے دن سے ہی پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ کس ضلع کو کون سا سرپرست وزیر مقرر کیا جائے، اس کا مکمل اختیار وزیر اعلیٰ کو حاصل ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اجیت دادا پوار، قومی کارگزار صدر پرفل پٹیل اور ریاستی صدر سنیت تٹکرے یہ واضح کر چکے ہیں کہ پارٹی کا انضمام کسی صورت نہیں ہوگا۔

آنند پرانجپے نے کہا کہ چھگن بھجبل کی شناخت ایک ایسے لیڈر کے طور پر ہے جو مہاراشٹر ہی نہیں، پورے ملک میں پسماندہ طبقات، خاص طور پر او بی سی (OBC) برادری کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ ان کی وزیر بننے کی خبر سے عوام میں جوش و خروش کی فضا بالکل فطری ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading