اجیت پوار کے فیس بک پیج کے جعلی اسکرین شاٹس کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے سخت کارروائی کا مطالبہ
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر اور ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار کے فیس بک پیج کے جعلی اسکرین شاٹس بنا کر سوشل میڈیا پر جان بوجھ کر فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت سخت قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ مطالبہ این سی پی کے ریاستی جنرل سیکریٹری اور خزانچی ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے نے کیا ہے۔
ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار کے آفیشل فیس بک پیج کے بارے میں جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد اجیت دادا پوار کی شخصیت کو نقصان پہنچانا ہے۔
گرجے نے کہا کہ اجیت دادا پوار گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مہاراشٹر کے دورے پر ہیں اور ’جن سمان یاترا‘ کے ذریعے ریاست کے مختلف طبقات سے بات چیت کر رہے ہیں۔ وہ ’لاڈکی بہین اسکیم‘ سمیت مہا یوتی حکومت کی مختلف اسکیموں کی معلومات عوام تک پہنچا رہے ہیں اور ان کی یاترا کو ریاست بھر میں زبردست ردعمل مل رہا ہے۔ اس عوامی مقبولیت سے کچھ لوگ پریشان ہو کر پوار کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجیت دادا پوار کے فیس بک پیج کے جعلی اسکرین شاٹس بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلائے جا رہے ہیں اور بغیر کسی تصدیق کے بعض الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے ان خبروں کو نشر کیا ہے، جو کہ افسوسناک ہے۔ گرجے نے کہا کہ میڈیا کو ہر خبر کی تصدیق کر کے ہی شائع کرنا چاہیے تھا۔ این سی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سازش میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر سائبر کرائم کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔