ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کے لیے این سی پی کی تیاریوں میں تیزی

مہایوتی کے طور پر انتخابات لڑنے پر پالیسی طے ہونے کا امکان:سنیل تٹکرے
ممبئی: ریاست میں 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کے اعلان کے بعد نیشنل کانگریس پارٹی نے انتخابی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ 23 دسمبر سے نامزدگی فارم داخل کرنے کا عمل شروع ہونے والا ہے۔ اسی پس منظر میں این سی پی کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے ریاست بھر کے کوآرڈینیٹروں، شہر صدور اور ضلع صدور کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد ہونے کی جانکاری دی۔
یہ جائزہ میٹنگ خواتین اقتصادی ترقی منڈل کے ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ودربھ، مراٹھواڑہ، شمالی مہاراشٹر، مغربی مہاراشٹر اور ممبئی و تھانے علاقوں کی مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے اہم عہدیداران شریک ہوئے۔ ودربھ کے ناگپور اور چندرپور، مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی، ناندیڑ اور لاتور، شمالی مہاراشٹر کے ناسک، اہلیہ نگر، جلگاؤں اور دھولیہ، مغربی مہاراشٹر کے پمپری-چنچوڑ، پونے،سانگلی، اچل کرنجی، کولہاپور اور سولا پور، جبکہ ممبئی–تھانے علاقوں کے کلیان-ڈومبیولی، تھانے شہر، میرا-بھائندر اور وسئی-ویرار میونسپل کارپوریشنوں کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سنیل تٹکرے نے بتایا کہ اس میٹنگ میں ہر شہر کی زمینی سیاسی حالت، کارکنان کے جذبات اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ اب تک ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ یہ بھی طے کرنے پر غور کیا گیا کہ مہایوتی کے طور پر انتخابات کا سامنا کرتے ہوئے کن عملی اقدامات کی ضرورت ہے اور آئندہ حکمتِ عملی کیا ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج رات قومی صدر اجیت پوار کے ساتھ اس معاملے پر اہم میٹنگ متوقع ہے۔ قومی ورکنگ صدر پرفل پٹیل کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کیا جائے گا، جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے ساتھ بھی ملاقات کا امکان ہے۔ اگر یہ ملاقاتیں ہوتی ہیں تو ریاست کی تمام 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات مہایوتی کے طور پر لڑنے سے متعلق پالیسی کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
مہایوتی کے تعلق سے مختلف مقامات پر چل رہی قیاس آرائیوں پر وضاحت کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے کہا کہ ہر میونسپل کارپوریشن کی سیاسی صورتحال الگ ہے۔ جہاں کسی جماعت کی پہلے سے اقتدار میں موجودگی ہے وہاں زیادہ نشستوں کا مطالبہ فطری ہے۔ کارکنان کے جذبات اپنی جگہ اہم ہیں، مگر مہایوتی کے طور پر آگے بڑھنے کے لیے کئی مرحلوں میں مذاکرات ناگزیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ نیشنل کانگریس پارٹی مہایوتی کے طور پر انتخابات لڑنے کے لیے مثبت اور سنجیدہ ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading