22 دسمبر کے احتجاج میں کانگریس کی بھرپور شرکت، ستارا ڈرگس فیکٹری معاملے میں ایکناتھ شندے سے استعفے کا مطالبہ
ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے واضح طور پر کہا ہے کہ نوی ممبئی ہوائی اڈے کو مقامی عوام کے قائد اور حقوق کی جدوجہد کی علامت مرحوم ڈی بی پاٹل کا نام دیا جانا عوامی خواہش ہے اور اس کے سوا کسی دوسرے نام کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ اگر ضرورت پڑی تو کانگریس سڑکوں پر اتر کر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مہایوتی حکومت اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس جان بوجھ کر دی۔ با۔ پاٹل کا نام دینے سے گریز کر رہے ہیں، جو عوامی جذبات کی توہین ہے۔
تلک بھون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ نوی ممبئی کی تعمیر و ترقی کے لیے مقامی لوگوں نے اپنی زمینیں قربان کیں اور انہی زمینوں کے بدلے حقوق کے حصول کے لیے دی۔ با۔ پاٹل نے طویل اور فیصلہ کن جدوجہد کی۔ 12.5 فیصد اسکیم دی۔ با۔ پاٹل کی تحریک کا ہی نتیجہ تھی۔ انہوں نے بطور رکنِ اسمبلی اور رکنِ پارلیمنٹ طویل سیاسی خدمات انجام دیں اور نوی ممبئی، جے این پی ٹی، نائنا پروجیکٹ اور نوی ممبئی ہوائی اڈے کی ترقی میں مقامی باشندوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سپکال نے کہا کہ دی۔ با۔ پاٹل کے نام پر ہوائی اڈہ رکھنا ایک جائز مطالبہ ہے اور عوامی خواہشات کا احترام ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ فڈنویس اگرچہ وعدے کر چکے ہیں، مگر ان کی نیت سب جانتے ہیں۔ سپکال نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “فڈنویس کی چال کو تو برہما دیو بھی نہیں سمجھ پائیں گے۔”
انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ فی الحال ہوائی اڈے کو “این ایم ایئرپورٹ” کہا جا رہا ہے اور چار دیواری پر بھی “این ایم” کے حروف درج کیے جا رہے ہیں، جس سے شکوک پیدا ہو رہے ہیں کہ کہیں اسے “نریندر مودی ایئرپورٹ” بنانے کی تیاری تو نہیں ہو رہی۔ احمد آباد کے اسٹیڈیم کی مثال دیتے ہوئے سپکال نے کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام سے بی جے پی اور وزیر اعلیٰ کو باز رہنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے اراکینِ پارلیمنٹ نے یہ معاملہ لوک سبھا میں اٹھایا ہے اور راجیہ سبھا میں بھی پوری قوت سے رکھا جائے گا۔
ہرش وردھن سپکال نے وزیر مانیک راؤ کوکاٹے کے معاملے پر بھی سخت سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کوکاٹے کو دو سال کی سزا ہوئے تین دن گزر چکے ہیں، مگر نہ تو ان کی رکنیت منسوخ کی گئی ہے اور نہ ہی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ علاج کے بہانے لیلاوتی اسپتال میں وقت گزارا جا رہا ہے اور پولیس تعینات کر کے تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فوری کارروائی صرف اپوزیشن لیڈروں کے خلاف کی جاتی ہے۔
ستارا ضلع کے ساوری گاؤں میں ایم ڈی ڈرگس فیکٹری کے انکشاف پر سپکال نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس زمین پر یہ غیر قانونی دھندا چل رہا تھا وہ شندے کے بھائی کے نام پر ہے۔ کانگریس نے سب سے پہلے اس معاملے کو بے نقاب کیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بدعنوانی سے حاصل ہونے والی کمائی کم پڑ گئی تھی جو اب منشیات کے کاروبار کا سہارا لیا جا رہا ہے؟ اتنا سب سامنے آنے کے باوجود وزیر اعلیٰ کا یہ کہنا کہ شندے کا کوئی تعلق نہیں، معاملے کی سنگینی کو کم کرنے کی کوشش ہے۔ اس لیے ایکناتھ شندے سے فوراً استعفیٰ لیا جانا چاہیے۔
اس پریس کانفرنس میں سینئر لیڈر آر۔ سی۔ گھرت، رائے گڑھ ضلع کانگریس کے صدر مہندر گھرت، پنویل شہر ضلع کانگریس کے صدر سدھام پاٹل، راجابھاؤ ٹھاکر، فشرمین کانگریس کے صدر مرتنڈ ناخوا سمیت نوی ممبئی، ٹھانے اور رائے گڑھ کے کانگریس عہدیداران موجود تھے۔