مہاراشٹر کی شناخت کو کسی حال میں داغدار نہیں ہونے دیناہے: اجیت پوار

ناسک کانگریس کی سابق کارپوریٹر ہیم لتا پاٹل اپنے ہزاروں کارکنان کے ساتھ این سی پی میں شامل

ممبئی: این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ہم نے ’لاڈکی بہن‘ یوجنا شروع کی تھی اور ریاست کی ’لاڈکی‘ بہنوں نے اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کی۔ انہی کی وجہ سے ہم اقتدار میں آئے ہیں اور ان کی دی ہوئی ذمہ داری کو ہم کبھی بھلا نہیں سکتے۔ وہ آج ممبئی میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

اجیت پوار نے مزید کہا کہ شیو، شاہو، پھولے اور امبیڈکر کے افکار ہی پارٹی کی رہنمائی کرتے ہیں۔ مہاراشٹر کو بہت سی عظیم شخصیات کی وراثت حاصل ہے اور یہ ہماری خوش بختی ہے۔ اسی وجہ سے ریاست میں سماجی ہم آہنگی قائم رکھنے کی جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ ساتھ ریاست کی ہمہ جہت ترقی ہونی چاہیے۔ مہاراشٹر ایک ترقی یافتہ ریاست کے طور پر جانا جاتا ہے اور اس شناخت کو کسی حال میں داغدار نہیں ہونے دینا چاہیے۔ الیکشن کمیشن پر اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں اجیت پوار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختاری حاصل ہے، ملک میں جیتی جاگتی جمہوریت موجود ہے اور باشعور عوام بڑی سوچ سمجھ کے ساتھ ووٹ دیتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے الزامات کو سخت الفاظ میں مسترد کیا۔

نائب وزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری پارٹی کو مضبوط کرنا ہے۔ عہدیدار کے طور پر کام کرتے ہوئے کبھی قانون کو ہاتھ میں نہ لیں بلکہ آئین کا احترام کریں اور قانون کے دائرے میں رہ کر عدم تشدد کے راستے پر چلیں۔ اس موقع پر ناسک کی کانگریس کی سابق کارپوریٹر ہیم لتا پاٹل نے اپنے ہزاروں کارکنان کے ساتھ این سی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ ان کے ساتھ نیشنل لیول کے کرکٹر منوج پالکھیڈے نے بھی پارٹی میں شمولیت کی۔ شمولیت کی یہ تقریب ممبئی کے ویمن ڈویلپمنٹ منڈل آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اس کے علاوہ ناسک شہر اور دیولالی اسمبلی حلقے کے دیگر پارٹیوں کے کئی عہدیداران نے بھی آج این سی پی میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ ریاستی وزیر برائے خوراک و شہری رسد چھگن بھجبل، وزیر کھیل مانیک راؤ کوکاٹے، وزیر برائے خوراک و ادویات نرہری جھرول، وزیر برائے ریلیف و بحالی مکرند پاٹل، این سی پی کے خزانچی اور رکن اسمبلی شواجی راؤ گرجے، ایم ایل اے ہیرامن کھوسکر، سابق ایم پی دیوداس پنگلے، سابق ایم ایل اے شرد پاٹل، پارٹی کے نائب صدر پرمود ہندوراؤ، چیف ترجمان آنند پرانجپے، نائب خزانچی سنجے بورگے، ریاستی جنرل سکریٹری لطیف تمبولی، ناسک لوک سبھا ضلع صدر وشنو پنت مہیس دھونے، ناسک دیہی صدر رویندر پاگار، ناسک شہر صدر رنجن ٹھاکرے، خواتین کی ضلعی صدر پريرنا بلكوڑے، ریاستی جنرل سکریٹری سنگرام کوتے پاٹل سمیت کئی عہدیداران اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

NCP Urdu News 19 August 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading