ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اور این سی پی کے قومی صدر اجیت پوار نے تیز وطرار لیڈر نواب ملک کی صاحبزادی ثنا ملک کو پارٹی کا ترجمان مقرر کیا ہے۔ اس کا اعلان انہوں نے جن سمان یاترا کے دوران انوشکتی نگر اسمبلی حلقے میں منقعدہ ایک جلسۂ عام میں کیا۔ اجیت پوار نے کہا کہ پارٹی نئے لوگوں کو آگے لانا چاہتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ترجمان کے عہدے پر ثنا ملک کی تقرری سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ جن سمان یاترا کے اجیت پوار کا گزشتہ دس دنوں سے ریاست کے مختلف علاقوں کا دورہ جاری ہے۔ اسی کے تحت انوشکتی نگر اسمبلی حلقے میں چندن لانس میں ایک جلسۂ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس کے منتظمین این سی پی کے سینئر لیڈر نواب ملک و ان کی صاحبزادی ثنا ملک تھیں۔ اجیت پوار نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثنا ملک کل سے ہماری پارٹی کی ترجمان ہوں گی اور وہ این سی پی کے ترجمان کے طور پر کام کریں گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسل کو آگے لایا جائے اور سنا ملک کی تقرری اسی مقصد کے تحت کی جا رہی ہے۔
اجیت پوار نے مزید کہا کہ ہم سماج کے تمام طبقات کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور ان کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے فوری کارروائی کرنا چاہتے ہیں۔ لوگوں کو سرکاری اسکیموں کے بارے میں آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس یاترا کے ذریعے مجھے سماج کی ماؤں اور بہنوں سے ملنے کا موقع مل رہا ہے اور ان کا پیار میری طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ہاتھ میں بندھی راکھیوں کی قسم کھا کر یقین دلاتے ہیں کہ ریاست کی ماؤں اور بہنوں کی حفاظت کریں گے اور انہیں اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’لاڈکی بہین یوجنا‘ کو ختم ہونے نہیں دیں گے۔
اس موقع پر ثنا ملک نے اپنے خطاب میں نائب وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دادا، آپ کے ساتھ میرا تعلق تقریباً 13 سال پرانا ہے۔ 11 ستمبر 2011 کو آپ نے میرے آرکیٹیکچرل فرم کا افتتاح کیا تھا۔ آج آپ نے رکشہ بندھن کے موقع پر ہمارے علاقے کا انتخاب کیا اور اپنی جن سمّان یاترا یہاں لائے، اس کے لیے ہم آپ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ سال قبل اسی اسٹیج سے اسمبلی انتخابات کی شروعات کی تھی اور بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی تھی۔
اس جلسے میں نواب ملک بھی موجود تھے۔ اجیت پوار نے نواب ملک کو اپنی پارٹی میں ایک اہم مقام دینے کا عزم ظاہر کیا اور ان کی بیٹی ثنا ملک کو ترجمان مقرر کر کے نواب ملک سے اپنے تعلق کو ظاہر کیا۔ اجیت پوار نے ثنا ملک کو پارٹی کا ترجمان مقرر کرنے کا جب اعلان کیا تو اسٹیج پر پارٹی کے تمام سرکردہ لیڈران موجود تھے۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ میڈیا کے حلقوں میں اس بات کا بھی ذکر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی ثنا ملک کو امیدوار بنا سکتی ہے۔