NCP Urdu News 18 June 25

شری وردھن کے سابق ایم ایل اے تُکارام سُروے کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں شمولیت، سنیل تٹکرے نے کیا خیرمقدم

ممبئی: 18 جون 2025

شری وردھن حلقۂ اسمبلی سے شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کے سابق رکنِ اسمبلی تُکارام سُروے نے آج باقاعدہ طور پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔ اُن کے اس سیاسی فیصلے کو ’زندگی کا سنہرا لمحہ‘ قرار دیتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’سروے جی! آپ 16 سال بعد میرے ساتھ آئے ہیں، یہ میری زندگی کا سنہرا موقع ہے۔‘

شری وردھن حلقہ، جو 1995 سے شیوسینا کا مضبوط گڑھ رہا ہے، وہاں کے بدلتے سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے تٹکرے نے کہا کہ ماضی میں سیاسی اختلافات ضرور تھے، لیکن دلوں میں کوئی رنجش نہیں تھی۔ جب میں اس حلقے سے منتخب ہوا، تو آپ کی پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے مجھے کم ووٹ ملے، میں یہ تسلیم کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ذاتی سوچ کو پیچھے رکھ کر آپ نے سیکولر نظریے سے وابستگی کا جو قدم اُٹھایا ہے، وہ شری وردھن کے سیاسی منظرنامے میں ایک نئی صبح کی علامت ہے۔

تُکارام سُروے نے ادھو بالاصاحب ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کو خیرآباد کہہ کر سنیل تٹکرے کی سربراہی میں این سی پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کے رائے گڑھ رابطہ سربراہ سُجیت تاندلیکر، شری وردھن پنچایت سمیتی کے صدر بابوراؤ چورگے، کاریوَنِے گاؤں کی سرپنچ گیتا چورگے، جگن ناتھ چالکے، گنیش نرمَل، ببن جوشی، مالتی پاوار، جاگرتی چالکے، روشن مورے سمیت مراثی اور کنبی سماج تنظیموں کے کئی سرکردہ عہدیداران نے بھی این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔

اس موقع پر سنیل تٹکرے کے ساتھ پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے، جن میں خزانچی و ایم ایل اے شواجی راؤ گرجے، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے صدر مشتاق انتولے، پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجے، ایم ایل اے ادریس نائیک واڑی، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، یوتھ ریاستی صدر سورج چوہان، ریاستی جنرل سیکریٹری لطیف تامبولی، معاون خزانچی سنجے بورگے اور سُبھاش کےکاڑے شامل تھے۔ یہ شمولیت نہ صرف مقامی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے بلکہ آئندہ انتخابات میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی حکمت عملی کو مضبوط بنانے والا قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

NCP Urdu News 18 June 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading