ناگپور میں اقلیتی طبقے کی لڑکیوں کے لئے 200بیڈ کے گنجائش والے ہاسٹل کے تعمیر کی منظوری

اقلیتی امور کے وزیرنواب ملک کا قابلِ تحسین اقدام

ممبئی: اقلیتی طبقے کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے لیے ناگپور میں راشٹرسنت توکڈوجی مہاراج یونیورسٹی کمپلکس میں 200 بیڈ کی گنجائش کے ہاسپٹل تعمیر کے لیے تصحیح شدہ حکومتی منظوری دی گئی ہے۔ جلد ہی ٹینڈر کا عمل مکمل کرتے ہوئے اس کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔

نواب ملک نے کہا کہ اس ہاسٹل کی تعمیر سے مسلم، عیسائی، بودھ، سکھ، جین، پارسی اور یہودی طبقے کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کو بھرپورفائدہ ہوگا۔ اقلیتی طبقے کی تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے لئے ریاست کے تمام اضلاع نیز یونیورسٹی کے کمپلکس میں ہاسٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ اقلیتی ترقیاتی محکمہ کی جانب سے لیا گیا ہے۔ اس کے مطابق راشٹرسنت توکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی میں ہاسٹل تعمیر کرنے کی تصحیح شدہ جی آر جاری کردیا گیا ہے۔ابتدائی اندازے کے تحت اس ہاسٹل کی تعمیر کے لئے حکومت کی جانب سے 14؍کروڑ82لاکھ روپئے کی رقم مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناگپور ودربھ واطراف کے علاقوں کا ایک مرکزی شہر ہے۔ یہاں اطراف کے تمام اضلاع کے دیہی وشہری علاقوں کے طلباء تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ لیکن قیام کا معقول انتظام نہ ہونے کی بناء پر بیشتر طلباء کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اس دشواری کی وجہ سے بہت سی لڑکیوں کی تعلیم بھی ادھوری رہ جاتی ہے۔ اس دشواری کو دور کرنے کے لیے اہم تعلیمی مراکز کے شہروں میں لڑکیوں کے لئے مختص ہاسٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ناگپور میں جو ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا وہ تمام سہولیات سے مزین اور لڑکیوں لئے انتہائی محفوظ ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ ناگپور کی تعلیمی سرگرمیوں کے لیے یہ ہاسٹل اہم کردار ادا کرے گا اور ودربھ علاقے کے اقلیتی طبقے کی لڑکیوں کے اعلیٰ تعلیم کو اس سے تحریک ملے گی۔ اس ضمن میں جاری کردہ جی آر مہاراشٹر حکومت کی ویب سائٹ www.maharashtra.gov.in پردستیاب ہے۔

اس موقع پر نواب ملک نے یہ بھی اطلاع دی کہ اقلیتی طبقے کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے لئے ریاست کے مختلف اضلاع میں 23ہاسٹلس شروع ہیں۔ ان ہاسٹلس میں لڑکیوں کے قیام کی فیس کو معاف کرنے کے لئے ضروری خاندانی سالانہ آمدنی کی حد جو پہلے ڈھائی لاکھ روپئے تھی، اسے بڑھا کر ۸ لاکھ روپئے کردیا گیا ہے۔ ان تمام ہاسٹلس کے بارے میں معلومات https://mdd.maharashtra.gov. in ویب سائٹ پردستیاب ہے۔

202106171455486414.pdf