بہار میں این ڈی اے کی یہ کامیابی تاریخی ہے: اجیت پوار
وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور نتیش کمار پر بہار کے عوام نے مضبوط اعتماد کا اظہار کیا
ڈبل انجن حکومت پر عوامی بھروسہ برقرار، بہار کو ترقی کی نئی سمت ملے گی
ممبئی: بہار اسمبلی انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی شاندار کامیابی کو ملک کی سیاست میں ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ یہ نتیجہ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت پر عوام کے غیر متزلزل اعتماد کی علامت ہے۔
اجیت پوار نے اپنے ردعمل میں کہا کہ این ڈی اے حکومت نے بہار میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد انقلابی اسکیمیں نافذ کیں، جن سے غریب طبقے، نوجوانوں اور خاص طور پر خواتین کو براہِ راست فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ بہنوں نے بڑی تعداد میں اعتماد کے ووٹ دے کر حکومت کی پالیسیوں کی توثیق کی اور یہی عوامی تعاون این ڈی اے کو ایک بار پھر واضح اکثریت دلانے میں فیصلہ کن ثابت ہوا ہے۔
اجیت پوار نے بہار کے عوام اور این ڈی اے کے تمام اتحادی جماعتوں کو اس ’غیر معمولی کامیابی‘ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف اعداد و شمار کا کھیل نہیں، بلکہ ترقی، شفاف حکمرانی اور سماجی انصاف کے نظریے کی جیت ہے۔ ان کے مطابق این ڈی اے کی متحدہ قیادت نے ثابت کیا ہے کہ یکجہتی اور عوامی خدمت کی پالیسی ہی کامیابی کی کلید ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی بہار میں ترقیاتی رفتار مزید تیز ہوگی۔ پائیدار انفراسٹرکچر، معیاری تعلیم، مضبوط صحت کا نظام، خواتین کا بااختیار ہونا اور روزگار کے نئے مواقع، یہ تمام شعبے اب تیزی سے ترقی کی طرف بڑھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈبل انجن حکومت کی مسلسل کوششیں بہار کو ترقی کی نئی راہوں پر لے جائیں گی اور ریاست آئندہ برسوں میں ملک کی ابھرتی ہوئی ترقی یافتہ ریاستوں میں شامل ہوگی۔