کسانوں کی زندگی تباہی کے دہانے پر، جائز معاوضہ دیا جائے

انتخابات میں شفافیت کے لیے وی وی پیٹ ناگزیر، عوامی اعتماد بحال ہوگا: شرد پوار

اکولہ: نیشنلسٹ کانگریس-ایس پی کے قومی صدر شرد پوار نے اکولہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنتی کسانوں کی زندگی روز بروز زوال کا شکار ہورہی ہے اور زرعی شعبے کی بدلتی صورتِ حال نے حالات کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔ آبادی بڑھ رہی ہے اور کھیتی کی زمین مسلسل کم ہوتی جارہی ہے، ترقیاتی کاموں کے لیے زمین حاصل کی جاتی ہے، ایسے میں کسانوں پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس بوجھ کو کم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہئے۔

شردپوار نے مزید کہا کہ کسانوں کو محنت کا جائز معاوضہ ملنا ہی حکومت کی بنیادی پالیسی ہونی چاہئے، کیونکہ قرض معافی کے دعوے تو بہت کیے گئے لیکن ان میں عملی پیش رفت کم نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے وہ زرعی شعبے میں اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا مسلسل مطالعہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیلے، گنے اور دیگر فصلوں میں غیر معمولی نتائج دیتا ہے اور پیداوار میں حیرت انگیز اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں چار زرعی یونیورسٹیاں موجود ہیں، جنہیں کپاس اور سویا بین جیسی فصلوں میں اے آئی کے بہتر استعمال پر کام کرنا چاہئے۔

شرد پوار نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ کسانوں کے لیے بہتر رہنمائی اور مالی مدد فراہم کرے تاکہ نامیاتی کھیتی سمیت مختلف جدید طریقوں میں عملی فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیداوار کے خرچ اور مارکیٹ سے حاصل ہونے والی قیمت میں توازن پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ خاندانی سیاست کے سوال پر شرد پوار نے واضح کیا کہ انتظامیہ اور سیاست کو خاندان سے الگ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے خاندان میں بھی انتخابات کے دوران ایک دوسرے کے خلاف امیدوار میدان میں اترے تھے، اس لیے خاندانی رشتوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم نظریات کی بنیاد پر سیاسی راستہ اختیار کرتے ہیں۔

پونہ کی زمین کے حالیہ تنازعے پر بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ یہ سنگین مسئلہ ہے اور خود وزیراعلیٰ فڑنویس نے اسے حساس قرار دیا ہے، لہٰذا اگر حکومت اسے واقعی سنگین سمجھتی ہے تو اس کی غیر جانب دارانہ جانچ کرکے حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ریاستی حکومت نے اس معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے، اس لیے رپورٹ آنے پر اصل صورتحال سامنے آجائے گی۔ آئندہ انتخابات کے سلسلے میں شرد پوار نے کہا کہ وی وی پیٹ کے ذریعے ووٹنگ سے کسی بھی طرح کا شبہ باقی نہیں رہتا اور یہ نظام شفافیت اور عوامی اعتماد قائم رکھنے کا سب سے بہتر طریقہ ہے۔مہاوکاس اگھاڑی اور منسے کے درمیان ممکنہ اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر مہاوکاس اگھاڑی کی پارٹیاں مل کر فیصلہ کریں گی اور اس بارے میں کسی جلد بازی کے بجائے تفصیلی مشاورت کے بعد ہی حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔

NCP-SP Urdu News 8 Nov. 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading