امبر ناتھ: نیتیش رانے کے خلاف قانونی کارروائی کے مطالبے میں شدت آتی جا رہی ہے۔ نیتیش رانے کے حالیہ بیان کے بعد جس میں انہوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز زبان استعمال کی ہے، امبر ناتھ سے تعلق رکھنے والے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) شرد پوار گروپ کے اقلیتی شعبہ کے سکریٹری عمران عباس خان نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
عمران عباس خان نے امبر ناتھ پولیس اسٹیشن میں شکایت دی ہے جس میں انہوں نے نیتیش رانے پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔ اپنی شکایت انہوں نے نتیش رانے سے متعلق یہ بھی کہا ہے کہ نتیش رانے اپنے بیانات سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیتیش رانے کے اس اقدام کا مقصد مہاراشٹر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنا ہے جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ آئین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عمران عباس خان کی طرف سے دی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ نیتیش رانے کے اس بیان نے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے، ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھا جا سکے۔ عمران عباس خان نے اس تعلق سے میڈیا سے بھی بات کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مسلمانوں نے ہمیشہ اس ملک کی آزادی اور ترقی کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ نیتیش رانے کا یہ بیان مسلمانوں کی تاریخ اور قربانیوں کو نظر انداز کرنے کی کوشش ہے۔ امبر ناتھ کے مختلف سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھی عمران عباس خان کی اس شکایت کی حمایت کی ہے۔ امبر ناتھ پولیس اسٹیشن کے افسران نے اس درخواست کو وصول کرتے ہوئے اس پر کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
