این سی پی-ایس پی کے ترجمان مہیش تپاسے کا اسپیکر سے اس بدعنوانی کی فوری جانچ کا مطالبہ
ممبئی: این سی پی- ایس پی کے ترجمان مہیش تپاسے نے مہایوتی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹر کی موجودہ حکومت دراصل بدعنوانی اور سودے بازی کی بنیاد پر کھڑی ہے۔ بی جے پی کے اپنے ہی رکنِ اسمبلی کی تازہ ترین بیان نے وہ سب کچھ ثابت کر دیا ہے جو عوام برسوں سے کہتی آرہی ہے۔
مہیش تپاسے نے کہا کہ مہاراشٹر کی عوام عرصے سے ’پچاس کھوکے ایک دم اوکے‘ کا نعرہ لگاتی رہی ہے۔ عوام میں یہ عام تاثر تھا کہ سیاسی وفاداری کی قیمت 50 کروڑ روپے ہے۔ اب مہایوتی کے ایک موجودہ رکنِ اسمبلی کے بیان نے شک کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی رکنِ اسمبلی تاناجی مُتکولے کے اس انکشاف کو مہایوتی کی ناقابلِ معافی بدعنوانی قرار دیا، جس میں مُتکولے نے دعویٰ کیا ہے کہ شیو سینا کے رکنِ اسمبلی سنتوش بانگڑ نے 2022 کے سیاسی بحران کے دوران ادھو ٹھاکرے گروپ چھوڑ کر ایکناتھ شندے گروپ میں شامل ہونے کے عوض 50 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔
مہیش تپاسے نے کہا ہے کہ یہی وہ بدعنوانی ہے جس پر مہایوتی حکومت کی پوری عمارت کھڑی ہے ۔ منتخب نمائندوں کی وفاداری خریدنے کے لیے کھلے عام پیسوں کا لین دین کیا گیا۔ جب حکمران جماعت کے ارکان خود ایک دوسرے پر اتنی خوفناک بدعنوانی کے الزامات لگائیں تو حکومت کی اخلاقی حیثیت بھلا کیا باقی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک فرد کے خلاف الزام نہیں بلکہ پوری حکومت کے سیاسی کردار کا پول کھولنے والا اعتراف ہے۔
مہیش تپاسے نے ریاستی اسمبلی کے اسپیکر سے سوال پوچھا ہے کہ کیا وہ اس سنگین بدعنوانی کی’برسرِ عام اعتراف‘ پر نوٹس لیں گے؟ انہوں نے کہا ہے کہ جب اقتدار میں بیٹھے نمائندے خود 50 کروڑ روپے میں ہونے والی سیاسی خریدو فروخت کا اعتراف کر رہے ہیں، تو یہ جمہوری شفافیت کی کھلی توہین ہے۔ اسپیکر کو اس معاملے پر فوری سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ تپاسے نے مہایوتی حکومت کو سیاسی سودے، لالچ اور کرپشن کی پیداوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کا عوامی فلاح و بہبود سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ اس کے اقدام صرف اقتدار کی لالچ اور ذاتی مفاد پر مبنی ہیں۔
مہیش تاپسے نے مہاراشٹر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 2 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کو فیصلہ کن ووٹ دیں تاکہ ریاست کو بدعنوانی کے 50 کروڑ ماڈل سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا ہے کہ 50 کروڑ کے اعتراف پر کھڑی، اندر سے کمزور اور اخلاقی طور پر تباہ حال مہایوتی حکومت کو مہاراشٹر کی عوام ٹھکرانے میں لمحہ بھر بھی نہیں لگائیں گے۔
NCP-SP Urdu News 28 Nov. 25.docx
