NCP-SP Urdu News 2 June 25

ممبئی میں نالہ صفائی کا عمل ایک بڑا گھپلا، یہ کنٹریکٹرز اور افسران کی ملی بھگت ہے

نیشنلسٹ یوتھ کانگریس (شرد پوار) کے ممبئی صدر ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے نالہ صفائی گھوٹالے پر مہا نگر پالیکا کو آڑے ہاتھوں لیا

ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر سال برسات سے قبل نالہ صفائی کا بڑے پیمانے پر اعلان کیا جاتا ہے، مگر اس سال بھی شہریوں کو گمراہ کیا گیا ہے۔ یہ الزام نیشنلسٹ یوتھ کانگریس (شرد پوار گروپ) کے ممبئی صدر ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے ایک پریس کانفرنس میں عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم سی نے رواں برس نالوں سے 9,79,742 میٹرک ٹن گاد نکالنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس میں سے 80 فیصد صفائی 31 مئی تک مکمل کر لی جائے گی، جبکہ باقی 20 فیصد صفائی برسات کے دوران کی جائے گی۔ تاہم، حقیقت اس کے برعکس ہے۔ آج بھی ممبئی کے متعدد علاقوں میں نالوں کی صفائی نہیں ہو سکی ہے۔اور پہلی ہی بارش میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے لگا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اعداد و شمار صرف کاغذی کاروائی تک محدود ہیں اور درحقیقت کام زمینی سطح پر نہیں ہوا۔

ایڈوکیٹ ماتیلے نے الزام لگایا کہ نالہ صفائی کے کام میں کنٹریکٹرز اور میونسپل افسران کی ملی بھگت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ صرف فوٹو کھنچوانے کا کھیل ہے۔ مشینیں لگتی ہیں، تصاویر لی جاتی ہیں، اور اگلے دن غائب ہو جاتی ہیں۔ بل جعلی ہوتے ہیں، پیمائش فرضی، اور فنڈز کا استعمال صرف کمیشن بانٹنے تک محدود ہے۔" ان کے مطابق مارچ سے مئی کے دوران جب صفائی کا وقت ہوتا ہے، تب بھی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں میونسپل انتظامیہ نے سخت کوتاہی برتی۔ نتیجتاً شہریوں کا قیمتی ٹیکس کا پیسہ ضائع ہو رہا ہے لیکن کوئی جوابدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کے فنڈز کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور اس کا براہِ راست اثر ممبئی کے شہریوں کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔ بارش کے موسم میں اس کوتاہی کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ایڈوکیٹ ماتیلے نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ نالہ صفائی کے پورے عمل کا آزاد تھرڈ پارٹی آڈٹ کیا جائے اور عدالتی تحقیقات کا حکم دیا جائے تاکہ اس کرپشن کے ذمہ داروں کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ہر وارڈ میں شہریوں پر مشتمل نگرانی کمیٹیاں قائم کی جائیں تاکہ نالہ صفائی کے دعووں کی براہِ راست جانچ کی جا سکے۔ ساتھ ہی ان افسران اور کنٹریکٹرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں جنہوں نے جعلی اعداد و شمار پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ صفائی کے تمام ریکارڈ شفاف طریقے سے سرکاری ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں تاکہ شہری اصل صورتحال سے آگاہ رہ سکیں۔

ایڈوکیٹ ماتیلے نے آخر میں کہا کہ ممبئی کے شہری دن رات محنت کرتے ہیں، ایمانداری سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، لیکن ان کے پیسوں سے کچھ لوگ صرف گھپلے کر رہے ہیں۔ اب عوام خاموش نہیں بیٹھے گی۔ ہم اس کرپشن کو بے نقاب کریں گے اور ذمہ داروں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading