’واہ رے مودی تیرا کھیل، سونے کے بھاؤ سے بک رہا تیل‘

مہنگائی کے خلاف این سی پی-ایس پی کا احتجاج، مودی حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی

ممبئی: خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں سو روپے سے اوپر جا پہنچی ہیں۔ اس کے ذریعے عوام کی جیب پر اضافی بوجھ ڈالنے اور مہنگائی بڑھانے والی مرکزی حکومت کے خلاف نیشنلسٹ یوتھ کانگریس شردچندرا پاوار پارٹی کی طرف سے احتجاج کیا گیا۔ اس دوران کارکنوں نے ’واہ رے مودی تیرا کھیل، سونے کے بھاؤ سے بک رہا تیل‘ جیسے نعرے بلند کیے۔ ریاستی صدر محبوب شیخ کی قیادت میں آج پارٹی کے ریاستی دفتر، ممبئی میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج میں دیگر عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس وقت مہنگائی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور بے روزگاری کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جس سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ اس صورتحال کے خلاف نیشنلسٹ یوتھ کانگریس شردچندرا پاوار پارٹی کی طرف سے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں محبوب شیخ نے احتجاج کی قیادت کی۔ اس دوران احتجاجی کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس کے بعد پولیس نے محبوب شیخ سمیت احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

احتجاج میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی اور نعرے لگائے۔ محبوب شیخ نے اس موقع پر کہا کہ یہ حکومت جمہوریت کا گلہ گھونٹ رہی ہے اور اظہار رائے کی آزادی پر حملے کر رہی ہے۔ مہنگائی میں اضافے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی ختم ہو رہے ہیں۔ اگر مہنگائی میں کمی نہیں کی گئی تو ہم حکومتی وزرا کو ریاست میں آزادانہ گھومنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریاست بھر میں جمہوری طریقے سے احتجاج کریں گے۔ حکومت طاقت کا استعمال کر کے ہمیں احتجاج کرنے سے روکتی ہے، مگر احتجاجی آواز کو دبانے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر جو ٹیکس لگایا گیا ہے وہ فوراً واپس لیا جائے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading