این سی پی-ایس پی کے لیڈر ایڈوکیٹ امول ماتیلے کا الیکشن کمیشن سے مکتوب کے ذریعے مطالبہ
ممبئی: این سی پی-ایس پی کے ترجمان اور ممبئی یوتھ صدر، ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے تین سال سے زیادہ عرصے سے ایک ہی جگہ اور ایک ہی عہدے پر برقرار فسران کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے حال ہی میں ممبئی میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ تین سال سے زیادہ مدت سے ایک ہی عہدے پر تعینات افسران کی تقرری کو منسوخ کیا جائے گا اور انہیں انتخابی افسر کے عہدے پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔
ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے نشاندہی کی ہے کہ مہاراشٹر میں کئی ریونیو افسران تین سال سے زیادہ عرصے سے اپنے عہدے پر برقرار ہیں، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کے اصول کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ ان افسران کی تقرریاں بدستور جاری ہیں، جو انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگا رہی ہیں۔
ایڈوکیٹ ماتیلے نے ریاستی الیکشن کمشنر کو ایک خط کے ذریعے فوری کارروائی کی درخواست کی ہے، جس میں انہوں نے تین سال سے زیادہ عرصہ سے ایک ہی عہدے پر فائز انتخابی افسران کی تقرری کو فوری طور پر منسوخ کرنے اور ان کی بدلی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ یہ عمل نہ صرف الیکشن کمیشن کے اصول کی پاسداری کو یقینی بنائے گا بلکہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو بھی برقرار رکھے گا۔ انہوں نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ انتخابی افسران کی تقرری کے ضوابط پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ جمہوری عمل میں شفافیت اور عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔