انوشکتی نگر اسمبلی حلقے میں 40 سالہ طویل انتظار کا خاتمہ
نواب ملک و ان کی صاحبزادی کی کوششوں سے قبرستان، اسکول و اسپتال وغیرہ کی منظوری
ممبئی: (26 اگست 2024)
انوشکتی نگر اسمبلی حلقے میں بی ایم سی نے 40 سال سے التوا کے شکار کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ ان منصوبوں کی منظوری علاقے کے ایم ایل اے نواب ملک اور ان کی صاحبزادی ثنا ملک کی شب و روز محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ان منصوبوں میں ایک جدید قبرستان، سرسبز گارڈن، کھیل کا میدان، میونسپل اسکول، اسپتال اور 44 فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر شامل ہے۔ یہ تمام ترقیاتی منصوبے انوشکتی نگر کی مجموعی ترقی اور عوامی بہبود کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے، جو نہ صرف شہری سہولیات کو بہتر بنائیں گے بلکہ علاقے کے رہائشیوں کے معیارِ زندگی کو بھی بلند کریں گے۔
انوشکتی نگر کے لیے اس اہم حصولیابی پر رکن اسمبلی نواب نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب سے مجھے یہاں کی نمائندگی ملی ہے، علاقے کی ترقی و لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کی ہے۔ یہ انہیں کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ گزشتہ 40 سال سے زیر التوا منصوبوں کو بی ایم سی نے منظوری دی ہے۔ اس کے لیے ہمیں کیا کچھ کرنا پڑا ہے، کس قدر فالواپ لینا پڑا ہے، یہ ہم ہی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو ترقیاتی منصوبے بی ایم سی نے منظور کیے ہیں، یہ انوشکتی نگر کے لوگوں کے دیرینہ مطالبات تھے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد یہاں کے لوگوں کو کافی سہولیات حاصل ہوں گی اور اس سے علاقے کی ترقی بھی ہوگی۔
نواب ملک نے کہا کہ قبرستان کی تعمیر کے بعد اس میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مذہبی اور ثقافتی روایات کا احترام کیا جا سکے۔ اس کی تعمیر سے یہاں کے لوگوں کو اپنے عزیزوں کی تدفین کے تعلق سے کافی سہولیات حاصل ہو جائیں گی۔ قبرستان کے علاوہ ایک وسیع و عریض گارڈن، کھیل کا میدان، میونسپل اسکول، اسپتال اور 44 فٹ چوڑی سڑک بھی تعمیر کی جائے گی، جو بھیکن جی داماجی پاٹل مارگ کو بھارت نگر جھوپڑ پٹی سے جوڑے گی۔ ان منصوبوں کا مقصد مقامی لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ یہاں کے لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ یہ ترقیاتی اقدامات علاقے کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے نہایت اہم ہیں۔
نواب ملک نے مزید کہا کہ 18 جولائی 2021 کو بھارت نگر جھوپڑپٹی میں ایک خوفناک لینڈ سلائڈنگ میں 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ جھوپڑپٹی تقریباً 1 ہیکٹر رقبے پر محیط ہے اور اس میں تقریباً 25 ہزار افراد آباد ہیں۔ فی الوقت اس بستی تک پہنچنے کا ایک ہی واحد 4 سے میٹر کی تنگ سی سڑک ہے جو ایچ پی سی ایل کے نجی لے آؤٹ کے ذریعے جڑی ہے۔ بھارت نگر تک یہ تنگ رسائی ایمرجنسی کے حالات میں امدادی کاموں کو متاثر کرتی ہے۔ انوشکتی نگر کے رکن اسمبلی کے طور پر میں نے ترقیاتی منصوبہ 2034 میں خارج کیے گئے حصے ایم ای 19 کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بھیکن جی داماجی پاٹل مارگ کو بھارت نگر جھوپڑپٹی سے جوڑنے کے لیے 13.40 میٹر چوڑی ڈی پی سڑک کی تعمیر بی ایم سی کی جانب سے فوری طور پر شروع کی جا سکے۔
اس ترقیاتی منصوبے میں جناب نواب ملک کی بیٹی ثناء ملک شیخ کی فعال شمولیت بھی نظر آئی ہے۔ پیشے سے ایک پریکٹیسنگ آرکیٹیکٹ اور قابل وکیل ثناء ملک نے بی ایم سی کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس نے علاقے کے لوگوں کی ضروریات کو سمجھا اور منظوری کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا۔ انہوں نے اپنے والد نواب ملک کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس منصوبے کے دوران مسلسل رہنمائی اور حمایت فراہم کی۔
اس منظور شدہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں جدید قبرستان و شمشان گھاٹ کی تعمیر شامل ہے جو مسلم، ہندو لنگایت اور عیسائی برادریوں کی ثقافتی اور مذہبی ضروریات کو پورا کرے گا۔ یہ قبرستان و شمشان گھاٹ 16,143.53 مربع میٹر کے پلاٹ پر تعمیر کیا جائے گا، جو مقامی برادری کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ایک وسیع گارڈن بھی بنایا جائے گا جو یہاں کے مکینوں کو تفریح اور آرام کے لیے ایک سرسبز جگہ فراہم کرے گا۔ یہ گارڈن 44,881.80 مربع میٹر کے پلاٹ پر محیط ہوگا۔
اس کے علاوہ انوشکتی نگر اسمبلی حلقے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے 8,244.35 مربع میٹر کے پلاٹ پر ایک نیا میونسپل اسکول بھی تعمیر کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ 13,659.30 مربع میٹر کا ایک کھیل کا میدان بھی بنایا جائے گا جو بیرونی کھیلوں اور سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہوگا۔ ان دونوں منصوبوں کا مقصد علاقے میں تعلیمی اور جسمانی سرگرمیوں کے مواقع کو بڑھانا ہے تاکہ بچوں اور نوجوانوں کی بہتر نشوونما کو یقینی بنایا جا سکے۔
علاقے کے لوگوں کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 8,415.68 مربع میٹر کے پلاٹ پر ایک اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا، جبکہ بھیکن جی داماجی پاٹل مارگ کو بھارت نگر جھوپڑپٹی سے جوڑنے کے لیے 44 فٹ چوڑی ایک ڈی پی سڑک بھی بنائی جائے گی۔ اس سڑک کا مقصد آمد و روفت کو بہتر بنانا اور بھیڑ کو کم کرنا ہے تاکہ روزمرہ کی آمدورفت اور ایمرجنسی حالات میں لوگوں کو بہتر سہولت فراہم ہو۔ ان تمام منصوبوں پر جلد ہی عمل شروع ہو جائے گا اور ان کی تکمیل کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی، تاکہ انوشکتی نگر اسمبلی حلقے کے تمام رہائشیوں کو بہتر سہولت کے ساتھ ان کے معیار زندگی کو مزید بہتر بنا یا جاسکے۔