عید میلادالنبی کی چھٹی 18 ستمبر کو دی جائے,نسیم خان نے مکتوب لکھ کر وزیر اعلیٰ سے کیا مطالبہ

ممبئی: سابق وزیر اور مہاراشٹر پردیش کانگریس کے کارگزار صدر محمد عارف (نسیم) خان نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں عید میلاد النبیؐ کی چھٹی 16 ستمبر کے بجائے 18 ستمبر کو دی جائے۔

نسیم خان نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پیغمبر اسلام کی ولادت با سعادت 16 ستمبر کو ہے جبکہ 17 ستمبر کو ہندو بھائیوں کا مقدس تہوار گنیش وسرجن بھی ہے۔ کیلنڈر میں 16 ستمبر کو عیدمیلادالنبی کی سرکاری چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ نسیم خان نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ دونوں مذاہب کے ان مقدس تہواروں کے پیش نظر 7 ستمبر کو آل انڈیا خلافت کمیٹی میں ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں جیسے اورنگ آباد، جالنہ، مالیگاؤں، بھیونڈی اور تھانے کے مسلم نمائندوں کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔

اس میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست میں ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لیے عید میلاد کی ریلی 16 ستمبر کے بجائے 18 ستمبر کو نکالی جائے، تاکہ دونوں مذاہب کے پیروکار اپنے تہوار پورے امن اور محبت کے ساتھ منا سکیں۔

ان حالات کے پیش نظر نسیم خان نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ ریاست میں 16 ستمبر کے بجائے 18 ستمبر کو عید میلاد النبیؐ کی چھٹی کا اعلان کیا جائے تاکہ دونوں برادریاں اپنے تہوار پوری ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ مناسکیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading