وزیر اعلیٰ یوجنا دوت اسکیم کے لیے درخواست دینے کی اپیل
تھانے (آفتاب شیخ)
حکومت کی مختلف اسکیموں کی معلومات عام شہریوں تک پہنچانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوجنا دوت اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس اسکیم میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو www.mahayojanadoot.org ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ اسکیم حکومتِ مہاراشٹر کے اطلاعات اور تعلقات عامہ کے ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ ہر گرام پنچایت سطح پر ایک اور شہری علاقوں میں ہر پانچ ہزار کی آبادی پر ایک یوجنہ دوت منتخب کیا جائے گا، اور پورے ریاست میں کل 50 ہزار یوجنہ دوتوں کا انتخاب چھ ماہ کی مدت کے لیے کیا جائے گا۔ ان یوجنہ دوتوں کو ہر مہینے 10 ہزار روپے کا اعزازیہ دیا جائے گا۔ یہ یوجنہ دوت شہریوں کو حکومت کی فلاحی اسکیموں کی معلومات فراہم کریں گے۔
اس اسکیم میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کی عمر 18 سے 35 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدوار کسی بھی شعبے سے گریجویٹ ہونا ضروری ہے اور اس کے پاس مہاراشٹر کا رہائشی سند ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کو کمپیوٹر کا علم ہونا ضروری ہے اور اس کے پاس جدید موبائل (اسمارٹ فون) اور آدھار سے منسلک بینک اکاؤنٹ ہونا چاہیے۔
تھانے ضلع اطلاعات و تعلقات عامہ کے افسر منوج ساناپ نے اپیل کی ہے کہ وزیر اعلیٰ یوجنا دوت اسکیم کے لیے کی گئی آن لائن درخواست، آدھار کارڈ، گریجویشن کی سند، رہائشی سرٹیفکیٹ (مجاز اتھارٹی کے ذریعہ دیا گیا)، آدھار سے منسلک بینک اکاؤنٹ کا ثبوت، پاسپورٹ سائز تصویر اور حلف نامہ (آن لائن درخواست کے ساتھ فراہم کردہ نمونہ میں) تقرری کے وقت جمع کرانا ضروری ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 13 ستمبر 2024 تک www.mahayojanadoot.org ویب سائٹ پر رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
