اجیت پوار کے انتقال سے مہاراشٹر ایک باوقار اور صاف گو قیادت سے محروم ہو گیا: ورشا گائیکواڑ

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے میں انتقال کی خبر انتہائی صدمہ خیز اور ناقابلِ یقین ہے۔ اس خبر پر یقین کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ ان کے اچانک انتقال سے مہاراشٹر ایک صاف گو، باوقار اور مضبوط لیڈر سے محروم ہو گیا ہے۔ یہ خیالات ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ظاہر کیے۔

اجیت پوار کے انتقال پر ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی مخلوط حکومت اور بعد ازاں مہاوکاس ا گھاڑی حکومت کے دوران انہیں اجیت پوار کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ اسی لیے ان کی رحلت کی خبر ہمارے لیے خاندان کے کسی فرد کے بچھڑ جانے جیسا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار اپنی وقت کی پابندی، کابینہ اور پارٹی میں ایمانداری کے ساتھ محنت کرنے اور کام کے تئیں سنجیدگی کے لیے جانے جاتے تھے۔ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ بطور وزیر خزانہ اجیت پوار اس بات کو ہمیشہ یقینی بناتے تھے کہ ریاستی فنڈ عوامی مفاد کے منصوبوں اور درست کاموں پر ہی خرچ ہوں۔ وہ مالی نظم و ضبط کے ساتھ ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے پر زور دیتے تھے۔ ان کی مشفق اور مزاحیہ اندازِ گفتگو کئی بار سنجیدہ اور دباؤ بھرے حالات میں ماحول کو ہلکا کر دیتی تھی، جو ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجیت پوار کے اچانک انتقال سے مہاراشٹر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ یہ ایسا خلا ہے جسے پُر کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے پوار خاندان کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ اور کانگریس پارٹی پوری طرح پوار خاندان اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کارکنان کے غم میں شریک ہیں۔ ورشا گائیکواڑ نے اجیت پوار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور یادیں ہمیشہ مہاراشٹر کی سیاست میں زندہ رہیں گی۔

MRCC Urdu News 28 January 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading