مہا بدعنوان یوتی حکومت کے کارناموں پر ممبئی کانگریس کی چارج شیٹ جاری

انتظامیہ کے ذریعے ممبئی کی لوٹ، بی ایم سی الیکشن میں کانگریس کا فوکس ممبئی کے عوامی مسائل پر: ورشا گائیکواڑ

ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن میں تین سال نو ماہ تک عوامی نمائندوں کے بغیر ایڈمنسٹریٹر راج رہا اور اسی مدت میں مہا یوتی حکومت نے انتظامیہ کے سہارے ممبئی کی منظم لوٹ کی۔ آج ممبئی کے شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، جبکہ پسندیدہ ٹھیکیداروں اور مخصوص صنعتکاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے شہر کو فروخت کیا گیا۔ ملک کے مالیاتی دارالحکومت کو بدحالی کی طرف دھکیل دیا گیا اور ممبئی ایک بدعنوان کارپوریشن میں تبدیل ہو چکی ہے۔ ان ہی سنگین بدانتظامیوں اور گھوٹالوں پر مشتمل مفصل چارج شیٹ ممبئی کانگریس کی جانب سے آج شائع کی گئی، یہ بات ممبئی کانگریس کی صدر رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہی ہے۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کے پس منظر میں، ممبئی کانگریس کی جانب سے باندرہ مشرق کے والمیکی نگر میں چارج شیٹ کی اجرائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر سابق وزیر و رکنِ اسمبلی اسلم شیخ، سابق وزیر نسیم خان، اراکین اسمبلی بھائی جگتاپ، امین پٹیل، ڈاکٹر جیوتی گائیکواڑ، چرن جیت سنگھ سپرا، نیشنل سیکریٹری و ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت سمیت بڑی تعداد میں پارٹی عہدیداران موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ مہا یوتی حکومت نے بی ایم سی کی بینک جمع پونجی لوٹ لی۔ شہر کی سڑکوں کی حالت ابتر ہے، جگہ جگہ گڑھے ہیں، ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، فضائی آلودگی بڑھ رہی ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، پانی، صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں کو نظرانداز کیا گیا۔ بی ایم سی کے اسکول نجی ہاتھوں میں دیے جا رہے ہیں، ٹھوس کچرے کے مسئلے پر کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا، میٹھی ندی کے کام کس کے حوالے کیے گئے یہ سب کو معلوم ہے، اور شہر کی زمینیں تیزی سے فروخت کی جا رہی ہیں۔ متعدد بڑے منصوبوں میں کھلے عام بدعنوانی کی گئی ہے۔

ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی کانگریس نے ان تمام امور پر مسلسل آواز اٹھائی ہے۔ پارٹی جلد اپنا انتخابی منشور جاری کرے گی، مگر اس چارج شیٹ کے ذریعے یہ واضح کیا گیا ہے کہ مہا یوتی حکومت نے ممبئی کے ساتھ کیا کیا۔ ممبئی کا الیکشن ذات، مذہب، علاقہ یا زبان کے نام پر نہیں بلکہ ممبئی کے حقیقی مسائل پر لڑا جانا چاہیے۔ ممبئی کے عوام کو تنازع نہیں بلکہ ترقی چاہیے۔ اتحاد کے حوالے سے سوال پر ورشا گائیکواڑ نے بتایا کہ ونچت بہوجن اگھاڑی اور دیگر ہم خیال پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

MRCC Urdu News 26 Dec. 25.docx

BMC Chargesheet_English.pdf

BMC Main Chargesheet.pdf

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading