MRCC Urdu News 23 January 26

بدلاپور میں ایک اور کمسن بچی کے ساتھ جنسی زیادتی، ملزم کے ساتھ اسکول انتظامیہ پر بھی سخت کارروائی کی جائے: ورشا گائیکواڑ

ڈیڑھ سال قبل کے واقعے سے حکومت نے کیا سبق لیا؟ بی جے پی مہایوتی حکومت میں کمسن بچیاں بھی محفوظ نہیں

ممبئیٖ:بی جے پی مہایوتی حکومت کے دور میں خواتین اور کمسن بچیاں غیر محفوظ ہیں، یہ حقیقت بدلاپور کے تازہ واقعے نے ایک بار پھر عیاں کر دی ہے۔ ڈیڑھ سال قبل اسی بدلاپور میں اسکولی طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر عوامی غصہ دیکھنے میں آیا تھا، مگر حکومت نے اس سے کوئی سبق نہیں لیا اور بی جے پی سے وابستہ اسکول کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ اب ایک بار پھر اسی نوعیت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمیت محکمۂ تعلیم کیا محض تماشائی بنے بیٹھے ہیں؟ یہ سخت سوال کرتے ہوئے سابق وزیر تعلیم اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے ملزم کے ساتھ اسکول اور تمام ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بدلاپور معاملے پر بی جے پی حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ نرسری میں پڑھنے والی بچی کے ساتھ اسکول وین کے ڈرائیور کی جانب سے جنسی زیادتی کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جب والدین نے اسکول انتظامیہ سے شکایت کی تو پرنسپل نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ایسی لاپرواہ اور غیر ذمہ دارانہ روش اپنانے والے اسکول، اس کی انتظامیہ اور متعلقہ افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ہونی چاہیے اور ایسے اسکولوں کی منظوری منسوخ کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ کو بھی متحرک ہو کر اسکول بسوں اور وینوں کی جانچ کرنی چاہیے، مگر حکومت اور انتظامیہ کی بے حسی واضح نظر آتی ہے۔ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ کیا اسکول وین میں خاتون معاون موجود تھی، وین کے پاس باقاعدہ اجازت نامہ تھا یا نہیں اور تمام ذمہ داروں کے خلاف پوکسو قانون کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔

ورشا گائیکواڑ نے یاد دلایا کہ ڈیڑھ سال قبل بدلاپور میں پیش آئے اسی طرح کے واقعے میں ایک ملزم کا انکاؤنٹر ہوا، مگر متعلقہ اسکول کے صدر ادے کوتوال اور سکریٹری تُشار آپٹے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بعد میں ہنگامہ بڑھنے پر تُشار آپٹے کی نامزدگی تو منسوخ کی گئی، مگر اصل ذمہ داران کو سزا نہیں ملی۔ اگر اس وقت اسکول کا لائسنس منسوخ کر کے سخت پیغام دیا جاتا تو ایسی مجرمانہ روش پر لگام لگ سکتی تھی۔ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس صرف باتیں کرتے ہیں، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ ایک ناتھ شندے اور اجیت پوار کو بھی خواتین کی سلامتی اور ان کے تئیں ہونے والے جرائم کی کوئی فکر نہیں۔ بی جے پی کا نعرہ بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ محض ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے۔

MRCC Urdu News 23 January 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading