ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے ممبئی کانگریس میں امیدواروں کے انٹرویوز کا آغاز
ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لیے کانگریس پارٹی نے بھرپور تیاری شروع کر دی ہے اور خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز جمعرات سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گئے ہیں۔ اب تک 950 امیدواروں نے پارٹی دفتر میں اپنے درخواست فارم جمع کرائے ہیں۔ دو دن کے اندر تمام انٹرویوز مکمل کر کے اس کی تفصیلی رپورٹ اعلیٰ قیادت کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے کر فہرست جاری کی جائے گی۔ یہ معلومات ممبئی کانگریس کے ترجمان سریش چندر راج ہنس نے دی۔
راج ہنس نے بتایا کہ یہ انٹرویوز ممبئی کانگریس کی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ کی صدارت میں پولیٹیکل افیئرز کمیٹی کے تحت لیے جا رہے ہیں۔ اس کمیٹی میں راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ چندرکانت ہنڈورے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر نسیم خان، سابق وزیر و رکنِ اسمبلی اسلم شیخ، امین پٹیل، رکنِ اسمبلی جیوتی گائیکواڑ، بھائی جگتاپ، سابق رکنِ اسمبلی مدھو چوہان، امرجیت سنگھ منہاس سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہیں۔
سریش چندر راج ہنس کے مطابق ممبئی کانگریس کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد کی خواہش ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کانگریس پارٹی اپنی طاقت پر لڑے۔ اس جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الحال انتخابات اکیلے لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مگر انڈیا اتحاد میں شامل بعض ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کے امکانات پر بات چیت جاری ہے۔ اتحاد کرنا ہے یا اکیلے میدان میں اترنا ہے، اس بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی کے سینئر قائدین کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 1700 خواہشمند امیدواروں نے درخواست فارم حاصل کیے تھے، جن میں سے 950 امیدواروں نے باقاعدہ طور پر اپنے فارم جمع کرائے ہیں۔ جمعرات کو تین اضلاع کے امیدواروں کے انٹرویو ہوئے جبکہ جمعہ کو باقی تین اضلاع کے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی انٹرویوز کے ذریعے مضبوط، عوامی مسائل سے واقف اور زمینی سطح پر متحرک امیدواروں کو میدان میں اتارنے کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
MRCC Urdu News 18 Dec. 25.docx