ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن میں گزشتہ چند برسوں کے دوران بدعنوان مہایوتی حکومت نے شہر کو بدحالی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ممبئی کے شہریوں کے ٹیکس کے ہزاروں کروڑ روپے لوٹ لیے گئے، مگر اس کے بدلے بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں انتظامیہ مکمل طور پر ناکام رہی۔ 2017 سے 2022 کے درمیان بی ایم سی کی مجموعی کارکردگی محض 38 فیصد رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر کی منصوبہ بندی، نظم و نسق اور شہری سہولیات کے محاذ پر بدعنوان اتحاد بری طرح ناکام ہوا ہے۔ یہ بات ممبئی کانگریس کی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن میں بدعنوان اتحاد کے کارناموں کو عوام کے سامنے لانے کے لیے منعقد کی گئی ایک خصوصی نمائش کا افتتاح راجیو گاندھی بھون میں ورشا گائیکواڑ کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر و رکنِ اسمبلی اسلم شیخ، ممبئی کانگریس کے ترجمان سریش چندر راج ہنس اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔
نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ بدعنوان مہایوتی کے ہاتھوں ممبئی اور اس کی انتظامیہ دونوں غیر محفوظ ہو چکی ہیں۔ گزشتہ تین برسوں میں بی ایم سی کی مدتی جمع پونجی میں تقریباً 12 ہزار کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ آج ممبئی فضائی آلودگی کے معاملے میں ملک میں سرفہرست ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں سے اُڑنے والی گرد و غبار شہریوں کی صحت پر شدید منفی اثر ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی بیسٹ بس سروس کو مسلسل نقصان میں دھکیلا جا رہا ہے اور کرایوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے مسافروں پر مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ بسوں کی تعداد کم کر کے ڈپو کی قیمتی زمینوں کو نجی ہاتھوں میں دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اسی طرح میٹھی ندی کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے کا گھوٹالا ہوا، فرضی ایم او یوز کے ذریعے ٹھیکیداروں اور افسران نے شہر کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ممبئی کے شہریوں کی یہ لوٹ اب بند ہونی چاہیے، اور اس کے لیے بدعنوان مہایوتی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ناگزیر ہے۔
ورشا گائیکواڑ نے واضح کیا کہ اگر ممبئی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی حکومت قائم ہوتی ہے تو بیسٹ کے بیڑے میں 6 ہزار سے زائد نئی بسیں شامل کی جائیں گی، ہر شہری کو یونیورسل فری ہیلتھ کارڈ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، بند پڑی مراٹھی میڈیم اسکولوں کو دوبارہ شروع کر کے ان کی ازسرِ نو تزئین کی جائے گی، شہر کی پانی سپلائی کو بڑھا کر 5 ہزار ملین لیٹر یومیہ تک لے جایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ وینڈرز ایکٹ 2014 پر مؤثر عمل درآمد کر کے منظم فٹ پاتھ بازار قائم کیے جائیں گے، جبکہ تعمیراتی آلودگی کے خلاف سخت ضابطے نافذ کیے جائیں گے۔ اچھے، شفاف اور عوام دوست ممبئی کے قیام کے لیے کانگریس پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹیوں کا مشترکہ انتخابی منشور بھی جاری کیا جائے گا۔