اگست کرانتی دن سے تمام اضلاع میں ریاستی کانگریس کی’آزادی گورو پدیاترا‘

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے وردھا، بلڈانہ، ناگپور، ناسک، اورنگ آباد اور پونے کی پد یاترا میں شرکت کریں گے

ممبئی:جہاں ملک بھر میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جا رہا ہے، وہیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست کے تمام اضلاع میں 75 کلومیٹر طویل آزادی گورو پدیاترا کا اہتمام کیا ہے۔ منگل 9 اگست سے یہ پد یاترا وردھا سے شروع ہو رہی ہے اور 14 اگست کو ختم ہوگی۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے منگل کو سیواگرام سے اس پد یاترا کا آغاز کریں گے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے منگل 9 اگست کو وردھا ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے سیواگرام میں منعقدہ پد یاترا میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ بدھ 10 تاریخ کو شیگاؤں میں بلڈھانا ضلع کانگریس کمیٹی کی طرف سے منعقدہ پد یاترا میں شامل ہوں گے۔ 11 تاریخ کو اورنگ آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام پد یاترا میں حصہ لیں گے، 12 تاریخ کو ناسک شہر میں وہ ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام پد یاترا میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ پٹولے 13 تاریخ کو ناگپور شہر میں ضلع کانگریس کمیٹی کی پد یاترا اور 14 تاریخ کو پونے شہر میں ضلع کانگریس کمیٹی کی طرف سے آغا خان پیلس سے منعقد کی جانے والی پد یاترا میں شرکت کریں گے۔ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اس پد یاترا کے ذریعے لوگوں کو تحریک آزادی میں کانگریس پارٹی کے تعاون اورآزادی کے بعد پنڈت جواہرلال نہرو سے لے کر ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں کانگریس حکومت کی طرف سے کی گئی ترقیاتی کاموں سے واقف کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد آزادی کی شاندار تاریخ کو یاد کرتے ہوئے نئی نسل میں اس کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔کانگریس قائدین، عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد آزادی گورو پدیاترا میں شرکت کرنے والی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading