پارلیمانی سیٹوں کی تقسیم پر ۶جولائی کو کانگریس کی میٹنگ
اسمبلی اجلاس سے قبل اتحادی پارٹیوں سے تبادلہئ خیال کریں گے: ناناپٹولے
شنڈے- فڈنویس حکومت میں ممبئی اور مہاراشٹر میں خواتین غیر محفوظ
بی کے سی کے ایم سی اے کلب میں کانگریس کور کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد
ممبئی:ریاست کی سیاسی صورت حال، لاء اینڈ آرڈر نیز کسانوں کے مسائل پر کانگریس کور کمیٹی کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاخیر سے ہونے والی بارشوں کی وجہ سے کسانوں کے سامنے دوہری بوائی کا سنگین مسئلہ ہے، کسانوں کو کھاد اور بیج مفت فراہم کرنے کے لیے ہم حکومت سے فالو اپ کریں گے اور اگر ضرورت ہوئی تو گورنرسے ملاقات بھی کریں گے۔بارش کی وجہ سے ممبئی میں 6/ افراد کی ناحق موت ہوگئی، ممبئی میں جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا اورلوگ بے حال ہوگئے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نالوں وگٹروں کی صفائی پر خرچ کیے جانے والے کروڑوں روپئے کہاں گئے؟ اسی کے ساتھ ہی لوک سبھا کی نشستوں کا جائزہ لیا گیا، 6 تاریخ کو دوبارہ میٹنگ کی جائے گی جس میں حتمی بات چیت ہوگی، اس کے بعد اسمبلی سیشن سے قبل اتحادی پارٹیوں سے بات چیت کی جائے گی۔یہ اطلاع ریاستی کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔
بی کے سی کے ایم سی اے کلب میں کانگریس کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی اس میٹنگ میں ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیر اعلی سشیل کمار شندے، اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، ریاستی کارگزار صدر وسابق وزیر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، بسوراج پاٹل، پرنیتی شندے موجود تھیں۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ میٹنگ میں ریاست کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے لاء اینڈآرڈر پر بھی بات چیت کی گئی۔ پونے میں ایک نوجوان لڑکی کو دن دیہاڑے چھرا گھونپ دیا گیا۔ خواتین اور لڑکیوں پر حملوں وجنسی زیادتیوں میں اضافہ ہوا ہے۔لوگ یہ سوچنے لگے ہیں کہ ممبئی شہر ومہاراشٹر شندے فڈنویس حکومت کے دور میں بہار واترپردیش کی طرح جنگل راج کی طرح ہوگیا ہے۔ ریاست میں لاء اینڈآرڈ کے بارے میں حکومت ذرا بھی سنجیدہ نہیں ہے، لیکن کانگریس پارٹی سنجیدہ ہے۔ کانگریس نے گورنر اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے ملاقات کرکے انہیں اس سلسلے میں آگاہ کیا ہے لیکن کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ کانگریس پارٹی ریاست کی بگڑے ہوئے لا اینڈ آرڈر کے خلاف سڑکوں پر اترے گی۔
راہل گاندھی پر مرکزی وزیر راؤ صاحب دانوے کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی اہم مسائل سے بھاگ رہی ہے۔ بی جے پی کے لیڈروں کے پاس کسانوں، بے روزگاری، مہنگائی جیسے مسائل کے بارے میں کوئی جواب نہیں ہے اس لیے وہ ہنسی مذاق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن لوگ ان کی ہنسی کو پہچان رہے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ راہل گاندھی پر تنقید کرنا سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے اور یہ بی جے پی کو مہنگا پڑے گا۔
سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کی میٹنگ میں 15 سے 20 سیٹوں پر بات ہوئی ہے، لیکن بات چیت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔ اگلی میٹنگ 6 تاریخ کو ہوگی۔ فی الحال کچھ سیٹوں پر فائدے اور نقصانات پر بات ہو رہی ہے، ہم مہاوکاس اگھاڑی سے بات کر رہے ہیں۔کے سی آر کے بارے میں بات کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ فی الحال وہ کسی بھی میٹنگ میں بی جے پی کے خلاف موقف نہیں لے رہے ہیں۔ پٹنہ میں اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں وہ غیر حاضر رہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کس کی’بی‘ ٹیم ہیں۔ یہ سب الیکشن سے پہلے شروع ہو گیا ہے۔
ریاستی کارگزار صدر اور سابق وزیر نسیم خان نے اس موقع پر کہا کہ ناسک ضلع میں موب لنچنگ کے دو واقعات ہوئے ہیں جن میں دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ان واقعات سے صاف ظاہرہوتاہے کہ ریاست میں لاء اینڈآرڈر نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ریاستی حکومت سیاسی فائدے کے لیے ان واقعات کو نظر انداز کر رہی ہے؟ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان دونوں واقعات کی سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کی تحقیقات کرے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دے۔