بھنڈارہ: گوندیا ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات میں این سی پی نے مہاوکاس اگھاڑی کے تحریری معاہدے کو توڑ کر بی جے پی کے ساتھ اقتدار قائم کیا۔اسے پیٹھ میں خنجر گھونپنانہیں تو اور کیا کہیں گے؟یہ سوال آج یہاں ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے این سی پی لیڈروں سے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورا ملک اور ریاست میرے پس منظر کے بارے میں جانتا ہے۔میں جو بھی کرتا ہوں، کھلے دل سے کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک میں نظریات اور ترقی کی لڑائی لڑرہی ہے اور ہمیں اس کے نتائج کے بارے میں بالکل مطمئن ہیں۔
پٹولے نے مزید کہا کہ بھنڈارہ، گوندیا ضلع پریشد انتخابات کے نتائج آنے کے بعد مہاوکاس اگھاڑی میں شامل تینوں پارٹیوں نے ایک ساتھ آکر اقتدار قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔تینوں پارٹیوں کی جانب سے 30 جنوری 2022 کو ایک خط بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس خط پر میرے علاوہ این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور شیو سینا کے سبھاش دیسائی کے دستخط تھے۔ پٹولے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے اتحاد کے مطابق میں جینت پاٹل اور پرفل پٹیل سے رابطے میں رہا اور بھنڈارا گونڈیا ضلع پریشداور پنچایت سمیتی صدر اور صدر کے انتخاب میں اتحاد پر بات چیت کی۔این سی پی نے ہمیں آخر تک اندھیرے میں رکھا اور آخری وقت میں بی جے پی کے ساتھ پنچایت سمیتی اور گونڈیا ضلع پریشد میں اقتدار قائم کیا۔جینت پاٹل نے بھی اعتراف کیا ہے کہ میں ان سے اکثر ملاقات کرتا رہا ہوں۔ اگر این سی پی لیڈروں نے پہلے کہا ہوتا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ جانا چاہتے ہیں تو ہیں کوئی دقت نہیں ہوتی ، افسوس کی بات یہ ہے کہ انہوں نے ہمیں اندھیرے میں رکھ کر بی جے پی سے ہاتھ ملالیا ۔
نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس کا کردار ایماندارانہ دوستی کرنا اور اسے برقرار رکھنا رہا ہے، ہم نے ہمیشہ اتحادکے اصول وضوابط پر عمل کیا ہے، ہم کبھی پیچھے سے حملہ نہیں کرتے۔ میرے ناقدین بھی میرے پس منظر سے واقف ہیں اور مجھے اچھی طرح جانتے ہیں۔ مجھے اس پر بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں پارٹی لیڈروں کو بتاؤں گا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں میں این سی پی نے ہمارے ساتھ کیا سلوک کیا ہے، یہ غداری برداشت نہیں کی جائے گی۔ کانگریس کبھی اقتدار کے لیے اس طرح کا کھیل نہیں کھیلتی ہے ۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نتائج کا سامنا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔
